مزدوروں کے بچے اعلیٰ اداروں میں تعلیم حاصل کرینگے، فیس حکومت دیگی : مریم نواز

مزدوروں کے بچے اعلیٰ اداروں میں تعلیم حاصل کرینگے، فیس حکومت دیگی : مریم نواز

لاہور (نمائندہ دنیا) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صنعتی اور مائنز ورکروں کے بچے اعلیٰ ترین تعلیمی ادارے میں مفت تعلیم حاصل کریں گے -پنجاب میں کوئی بچہ چاہے وہ مزدور کا بچہ ہے اب تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔

کارکنوں کے بچوں کو کامسٹ یونیورسٹی کے 7کیمپسز میں داخلہ دیا جائے گا،فیس حکومت پنجاب ادا کرے گی- مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب ورکر ویلفیئر فنڈ نے کارکنوں سے درخواستیں طلب کرلیں - پنجاب میں ورکرز کے بچے کامسٹ یونیورسٹی، اسلام آباد، سب کیمپسز ایبٹ آباد، واہ کینٹ، اٹک، لاہور،ساہیوال اور وہاڑی میں پڑھ سکیں گے -معذور اور فوت شدہ ورکروں کے بچوں کو بھی کامسٹ یونیورسٹی میں مفت تعلیم کی سہولت دی جائے گی -رجسٹرڈ ورکر اسلا م آباد کیمپس میں 9جولائی، لاہور کیمپس 17جولائی، واہ کینٹ اور ایبٹ آباد میں 4، وہاڑی اور اٹک میں 11اور ساہیوال میں 15اگست تک درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں - درخواست فارم کے ساتھ ورکر کا قومی شناختی کارڈ،رجسٹرڈ سرٹیفکیٹ، طالب علم کا قومی شناختی کارڈ یا بے فارم، سوشل سکیورٹی کارڈ یا اولڈ ایج بینیفٹ کی کاپی منسلک کرنا ہوگی -ورکرز کے بچے کا مسٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن اپلائی کر کے ڈاکومنٹس اور ایڈمیشن فارم جمع کرائیں گے - مریم نواز نے کہاکہ ورکر ہمارے سر کا تاج ہیں، تعلیم اور صحت سمیت ہر سہولت دیں گے -پنجاب کے ہر ورکر کے بچوں کے لئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے دروازے کھول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئی بچہ چاہے وہ مزدور کا بچہ ہے اب تعلیم سے محروم نہیں رہے گا -مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لئے ایسے تاریخی اقدامات کررہے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فادر ڈے پراپنے خصوصی پیغام میں کہاہے کہ باپ سائبان کی مانندخود دھوپ سہہ کر اپنی اولاد کو سائے میں رکھتا ہے ۔باپ وہ ہستی ہے جو اولاد کو صرف جینا ہی نہیں بلکہ سر اُٹھا کر جینا سکھاتا ہے ۔مریم نواز شریف نے کہاکہ اپنی اولاد سے محبت اور انکے حقوق پورے کرنے والے ہر باپ کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں ۔باپ وہ چراغ ہے جو اولاد کے ہر اندھیرے میں روشنی بنتا ہے -میرے والد محمد نواز شریف میرے رہنما، قائد، استاد اور طاقت ہیں -وزیراعلی ٰنے کہاکہ والد محترم محمد نواز شریف کی گود پہلا مکتب اور اُنکا سایہ وہ آسرا ہے جس نے مجھے ہر طوفان میں مضبوط رکھا۔ نواز شریف کی شخصیت میری سیاست اور سوچ کا محور ہیں ۔ہواؤں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں انہوں نے کہاکہ ونڈ انرجی ذرا سی منصوبہ بندی کے ساتھ بہت بڑا اثاثہ بن سکتی ہے۔ ہوا کی قابل تجدید قوت سے بجلی کی پیداوار کے امکانات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں