علی امین کا گھوڑے پالنے اور کبوتر بازی کا شوق اب بھی برقرار

علی امین کا گھوڑے پالنے اور  کبوتر بازی کا شوق اب بھی برقرار

پشاور(آئی این پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبے کا چیف ایگزیکٹو بننے کے بعد بھی اپنے شوق کو زندہ رکھتے ہوئے اعلیٰ نسل کے کبوتروں کے لیے سی ایم ہاؤس میں ایک پنجرہ مختص کررکھا ہے جہاں پر دیگر پرندے بھی رکھے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے ترجمان فراز احمد مغل نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وزیراعلیٰ بننے سے پہلے علی امین گنڈا پور نے گھوڑے پال رکھے تھے اور بہت سے پرندے بھی رکھے ہوئے تھے ، انہیں کبوتر بہت پسند ہیں اسی لیے آج بھی انہوں نے مختلف نسل کے کبوتر پال رکھے ہیں۔ترجمان کے مطابق علی امین گنڈا پور خوش خوراک نہیں بلکہ جو ان کے سامنے آتا ہے وہ کھا لیتے ہیں اور اگر کام کی وجہ سے کھانا کھانے کا موقع نہ ملے تو وہ گزارا کرلیتے ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ نے کبھی اچھے کھانے کی فرمائش نہیں کی، سفر کے دوران جو کھانا دستیاب ہو وہ اپنے ملازمین کے ساتھ بیٹھ کر کھاتے ہیں۔گنڈا پو ر پر الزام عائدکیا جاتا ہے کہ اپنے آبائی حلقے ڈی آئی خان سے 70 سے زائد نوکروں کی فوج لے کر پشاور آئے ہیں ،سیاسی مخالفین کا الزام ہے کہ ان کو خزانے کے پیسوں سے تنخواہیں دی جارہی ہیں،تر جمان نے دعویٰ کیا کہ ڈی آئی خان سے آیا ہوا کوئی ملازم تنخواہ نہیں لیتا بلکہ وہ اپنے خرچے پر وزیراعلیٰ کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں