پنجاب اسمبلی :بجٹ بہترین ،بجٹ غلط ،بحث کا سلسلہ جاری

پنجاب اسمبلی :بجٹ بہترین ،بجٹ غلط ،بحث کا سلسلہ جاری

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی اجلاس میں تیسرے روز بھی بجٹ پر عام بحث کا سلسلہ جاری رہا۔ وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران اپوزیشن کے الزامات کا مدلل جواب دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں عوامی فلاح کو اولین ترجیح دی گئی۔

امن و امان کیلئے 300 ارب روپے مختص کئے ،تعلیم کیلئے 811 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاشہباز شریف کی شروع کردہ لیپ ٹاپ سکیم پر جھوٹا کیس بنایا گیا لیکن آج اس کے مثبت نتائج عوام کے سامنے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے بارے میں سوال وہ کر رہے ہیں جنہوں نے ماضی میں نمائندوں پر شب خون مارا،بلدیاتی انتخابات کا عمل شروع ہو چکا ہے ۔اپوزیشن لیڈر کے اس الزام پر کہ حکومت نے کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں دیا پران کا کہناتھاکہ لنگر خانے ، کٹے اور وچھے ترقی نہیں ہوتے ۔ عظمیٰ بخاری نے اپوزیشن کو تنبیہ کی کہ اپوزیشن اخلاقیات کی حد پار کرے گی تو اسی انداز میں جواب دیا جائے گا۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے حکومتی رکن عظمٰی کاردار کی سرزنش کی، سپیکر کا کہنا تھا کہ مجھے بیٹھ کر ڈکٹیشن نہ دیں، وہاں سے بیٹھ کے نعرے مستانہ بلند نہ کریں مجھے معلوم ہے میں نے کیا کرنا ہے ،آپ سب سیاسی لوگ ہیں ایک دوسرے کو برداشت کرنا سیکھیں۔

وزیر اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ آج جو اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے ہیں جب ان کو موقع ملا تو انہوں نے سب سے پہلے فری ادویات، فری ٹیسٹ اور کینسر کی فری ادویات بند کرائیں لیکن وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سب سے پہلے مفت ادویات کی سہولت بحال کی،ایکو فرینڈلی بسز چلائیں۔پیپلز پارٹی کی رکن نیلم جبارنے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چند ارکان ہیں لیکن ہمیں تقریرکیلئے دو دو دن انتظار کرنا پڑتا ہے ۔چار لوگ اگر آپ کے بولے ہیں تو ایک پیپلز پارٹی کے نمائندے کو موقع ملنا چاہیے ، جس پر چیئر نے رضا مندی ظاہر کی۔اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگرنے کہا کہ پولیس کا بجٹ بڑھایا ہے لیکن وہ کرپشن پر لگتا ہے ،کرائم کنٹرول نہیں ہورہے ۔ اپوزیشن رکن طیب راشد نے کہاکہ صاف ستھرا پنجاب پر اربوں روپے لگا دئیے لیکن میرے علاقے کی نالیاں بھری ہوئی ہیں ۔ قاضی احمد اکبر نے کہا کہ یہ بجٹ صرف ایک خاندان کی خودنمائی کا بجٹ ہے ،ترقیاتی پراجیکٹس کے نام اپنے ناموں پررکھے گئے ہیں ۔پینل آف چیئرپرسن راجہ شوکت نے بجٹ اجلاس بروز پیر 23 جون 11 بجے تک ملتوی کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں