پانی ذخیرہ کر نیکی صلاحیت بڑھا کر سندھ طاس معاہدے کیخلاف بھارتی اقدامات سے نمٹا جائیگا:شہباز شریف
اسلام آباد (نامہ نگار،اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے اسے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے یا ختم کرنے کا کوئی اختیار نہیں، پانی ذخیرہ کرنیکی صلاحیت بڑھا کر سندھ طاس معاہدے کیخلاف بھارتی اقدامات سے نمٹاجائیگا ۔
انہوں نے مستقبل میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے اعلیٰ سطح کی تیاریوں پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی ہے پی ٹی اے کے ساتھ مل کر ایس ایم ایس اور فون پیغامات کے ذریعے موسمیاتی وارننگ اور آفات کے خطرات باقاعدگی سے جاری کیے جائیں۔ این ڈی ایم اے کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے ، اپنے وسائل سے دیامر بھاشا ڈیم سمیت دیگر مقامات پر غیر متنازعہ آبی ذخائر تعمیر کریں گے ۔ این ڈی ایم اے کے تحت نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاسوات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس ہے ، پوری قوم اس واقعہ پر اشکبار تھی، ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر اس معاملہ کا دیانتداری سے جائزہ لینا چاہئے ، این ڈی ایم اے اس معاملہ کی رپورٹ بنا کر پیش کرے ۔انہوں نے کہا ہمارا دشمن بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے ، عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے سے اس کو پسپائی ہوئی ہے لیکن بدقسمتی سے اس کے ناپاک اور خطرناک عزائم ہیں، حکومت نے سندھ طاس معاہدہ کے خلاف بھارتی اقدامات سے نمٹنے کیلئے فیصلہ کیا ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں بہترین سہولیات دستیاب ہیں،اس ادارہ میں ارلی وارننگ سسٹم اور صوبوں کو بروقت آگاہی کا نظام اورحفاظتی جدید آلات موجود ہیں جو ریسکیو اور ریلیف کیلئے بہت مددگار ہیں۔دریں اثنائوزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور ایران کے ساتھ پاکستان کی ہمدردی اور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے ایران کے خلاف حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ایران کو پاکستان کی مسلسل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اﷲعلی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔شہباز شریف نے ایرانی سفارتخانے کی جانب سے ایران کے خلاف حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران شہید اور زخمی ہونے والے ایرانیوں کی یاد میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے ۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
سفارتخانے آمد پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور سفارتخانہ کے سینئر ارکان نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔وزیر اعظم نے مشکل وقت میں ایران کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایرانی قوم کی استقامت اور حوصلے کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہید ہونے والوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ شہباز شریف نے نئے مالی سال کے پہلے دن پاکستان سٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس کے پہلی بار 127,000 کی بلند ترین سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا نیا مالی سال اچھی خبر اور معاشی میدان میں اہم پیشرفت سے شروع ہوا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے ۔وزیراعظم نے کہا سٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس کا اپنی بلند ترین سطح پر پہنچنا اس امر کا مظہر ہے کہ ملکی معیشت اور حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط و مستحکم ہو رہا ہے ،نیا مالی سال ملکی معیشت کی بہتری کی جانب سفر میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔
شہباز شریف سے مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا علم و ادب اور فنون لطیفہ کو پس پشت ڈالنے والے معاشرے مشینی سوچ کا شکار ہو کر لطیف انسانی جذبات سے محروم ہو جاتے ہیں،ان اداروں کے نظم و نسق اور کارکردگی کو بہتر بنانے ، نیز نئے دور کے تقاضوں کے مطابق ان کے دائرہ کار اور مینڈیٹ کو وسیع کرنے کے لیے حکومت جلد کمیٹی تشکیل دے گی۔انہوں نے کہا علمی، ادبی، تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے قومی اداروں کی بندش یا ضم کرنے کی کسی تجویز پر عمل درآمد حکومت کے زیر غور نہیں۔وزیراعظم سے رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے بھی ملاقات کی۔اعجاز الحق نے آئندہ سال کے مالی بجٹ کی منظوری پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے ملاقات میں متعلقہ حلقے سے متعلق امور پر گفتگوبھی کی ۔شہباز شریف نے ترکیہ کے صوبے ازمیر میں جنگل میں تباہ کن آگ کے پھیلنے پرترک عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی اور اظہار یکجہتی کیا ہے اور ہر طرح کے تعاون کی پیشکش کی ہے ۔ ایکس پر پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا ازمیر صوبے میں جنگل میں پھیلنے والی تباہ کن آگ سے بہت دکھ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان اپنے بہادر اور جرات مند ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔