7 ہزار سے زائد درآمدی اشیا پر ٹیکس، ڈیوٹی میں کمی : صنعتی، زرعی، غذائی آئٹمز پر فوری اطلاق

7 ہزار سے زائد درآمدی اشیا پر ٹیکس، ڈیوٹی میں کمی : صنعتی، زرعی، غذائی آئٹمز پر فوری اطلاق

اسلام آباد، کراچی (نیوز ایجنسیاں) وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے آغاز پر 7 ہزار سے زائد درآمدی اشیا پر ٹیکس اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف صنعتی، زرعی، روزمرہ استعمال اور غذائی اشیا پر ڈیوٹی میں کمی کا فوری اطلاق کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت کا مقصد قیمتوں میں استحکام لانا ہے۔ ڈیوٹی میں کمی سے روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں کمی کی توقع ہے، صنعتی شعبے میں پیداواری لاگت میں بھی کمی آئے گی۔ درآمدی میک اپ اور خام مال پر ڈیوٹی 55 فیصد سے کم ہو کر 44 فیصد،فیس واش، صابن اور متعلقہ خام مال پر ڈیوٹی 50 فیصد سے کم ہو کر 40 فیصد،درآمدی سبزیوں پر ڈیوٹی 5 فیصد مقرر،درآمدی کھجور پر ڈیوٹی 20 فیصد ہو گئی ہے۔ لائیو سٹاک میں بریڈنگ جانور کی امپورٹ پر ڈیوٹی 5 فیصد،پولٹری انڈسٹری میں بریڈنگ مرغ پر بھی ڈیوٹی 5 فیصد،امپورٹڈ زندہ مچھلی پر ریگولیٹری ڈیوٹی 5 فیصد،دودھ، پاؤڈر ملک، دہی پر ڈیوٹی 20 فیصد،ملک کریم، مکھن، ملک فیٹس پر بھی 20 فیصد ڈیوٹی،امپورٹڈ پنیر پر ڈیوٹی 40 فیصد کر دی گئی ہے ۔شہد پر ڈیوٹی 24 فیصد،گندم کا آٹا اور میدہ پر ڈیوٹی 20 فیصد،پان کی درآمد پر ڈیوٹی 400 روپے فی کلو،کافی پر ڈیوٹی 15 فیصد کر دی گئی ۔ موبائل فون سم کاڈز پر ریگولیٹری ڈیوٹی 15فیصد سے کم کرکے 12 فیصد ، نئی کاروں اورمنی وینز پرڈیوٹی ایک تہائی سے 10فیصد تک کم کردی گئی ہے ۔ درآمد شدہ ایس یو ویز پر 44 فیصد کمی سے ڈیوٹی 50 فیصد ہوگئی، پرندوں کے انڈوں پر ڈیوٹی 15فیصد سے کم کرکے 10 فیصد ، کتے اور بلی کی خوراک پر 5 فیصد کمی سے ڈیوٹی کی شرح 40 فیصد ، تمباکو پر ڈیوٹی 40 فیصد تک کم کردی گئی۔

کھجور، ناریل، برازیلی گری دار میوے اور کاجو پر ڈیوٹی 16 فیصد تک کم کی گئی۔ انجیر، انناس، ایووکاڈو، امرود اور آم پر ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی کی گئی ، پپیتا اورسیب پر ڈیوٹی 45 فیصد سے کم کرکے 36 فیصد کر دی گئی ہے ۔فروزن مچھلی پرڈیوٹی نصف کرکے 17.5 فیصد کر دی گئی ۔بیوٹی پارلر کے خام مال ، امپورٹڈ سن بلاک اور سن سکرین ، بالوں کی دیکھ بھال کے خام مال پر ڈیوٹی 55 سے کم کرکے 44 فیصد ، شیونگ کریم، آفٹر شیو لوشن اور کریم ، فیس واش، صابن ، لوشن پر 40 فیصد کردی گئی۔ڈبہ بند امپورٹڈ ابالی ہوئی سبزیوں ، فروزن سبزیوں ، خشک سبزیوں پر ڈیوٹی کم کر کے 5 فیصد ، امپورٹڈ خشک کیلے پر ڈیوٹی 10 فیصد، امپورٹڈ تازہ سیب پر ڈیوٹی 24 فیصد اور امپورٹڈ تازہ آڑو پر ڈیوٹی 36 فیصد کردی گئی ۔امپورٹڈ مکئی پر ڈیوٹی 20 فیصد ، کوکو پاوڈر، کوکو پیسٹ اور کوکو بٹر ، امپورٹڈ پاستہ اور کارن فلیکس پر ڈیوٹی کم کرکے 20 فیصد جبکہ امپورٹڈ انناس پر ڈیوٹی کم کرکے 40 فیصد کردی گئی۔ امپورٹڈ موٹر سپرٹ پر ڈیوٹی کم کرکے 10 فیصد ، کاربن ڈائی آکسائیڈ، میگنیشیم اور نکل پر 2.5 فیصد ، امپورٹڈ وارنش، پینٹ انیمل اور لیکر پر ڈیوٹی کم کرکے 5فیصد کردی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں