باجوڑ: ریموٹ کنٹرول بم دھماکا، اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار، 2 اہلکاروں سمیت 5 شہید
باجوڑ،اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)باجوڑ میں صادق آباد پھاٹک میلہ گراؤنڈ کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر ،تحصیلدار ،2پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید،11 زخمی ہوگئے۔
بتایا گیا کہ ناوگئی روڈ پر دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، شہدا میں اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسمٰعیل، تحصیلدار وکیل خان، اے ایس آئی حکیم، پولیس کانسٹیبل رشید اور راہگیر شامل ہیں ۔دھماکے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے ڈسٹرکٹ ہسپتال خار منتقل کردیا گیا، دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات کا آغاز کردیا، ادھر کالعدم تنظیم دولت اسلامیہ (داعش)خراسان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر فیصل اسماعیل ، تحصیلدار عبدالوکیل، کانسٹیبل زاہد اور راہگیر فضل منان کی نماز جنازہ سول کالونی خار پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی ، ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق ، کمانڈنٹ باجوڑ اسکاؤٹس، سرکاری افسروں، شہدا کے لواحقین اور لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شہداء کو باجوڑ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، حکام نے شہدا کے جسد خاکی پر گلدستے رکھے ۔صدر اور وزیراعظم نے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کیا، صدر آصف علی زرداری نے کہا دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔