پیداوار میں اضافے کیلئے تحقیقی مراکز فعال کریں،شہبا ز شریف
اسلام آباد (نامہ نگار،اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے زرعی پیدواربڑھانے اور اصلاحات کیلئے جامع لائحہ عمل طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی سشعبے کی پیداوار میں بہتری، ویلیو ایڈیشن اور زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،زرعی اجناس کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے زرعی شعبے کے تحقیقی مراکز کو مزید فعال بنایا جائے ۔
وزیراعظم کی زیر صدارت زرعی شعبے کی کارکردگی اور جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس یہاں ہوا۔ ربیع و خریف کی بڑی فصلوں کی گزشتہ برس پیداوار، کسانوں کو درپیش مسائل، آئندہ کا لائحہ عمل اور تجاویز پیش کی گئیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جدید زرعی مشینری، معیاری بیج، فصلوں کی جغرافیائی منصوبہ بندی اور کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کا طویل و قلیل مدتی جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے ،زرعی مراکز میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جدید تحقیق کو یقینی بنایا جائے ،زراعت میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کیلئے عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات سے استفادہ کیا جائے ۔علا ازیں وزیراعظم سے صنعتی شعبہ کی معروف کاروباری شخصیات نے ملاقات کی ۔
معیشت و صنعت کی ترقی، برآمدات میں اضافہ اور کاروباری برادری کے مسائل حل پر مشاورت کی گئی ۔شہباز شریف نے کہا معاشی استحکام کا سہرا حکومتی ٹیم کی انتھک محنت کو جاتا ہے ، استحکام کے بعد ہدف ملکی معیشت کی ترقی، برآمدات میں اضافہ، روزگار کی فراہمی، صنعتی ترقی اور ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہے ۔ اب ہمیں مقامی سطح پر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے معیشت کی ترقی سے پاکستان کو خود کفیل بنانا ہے ،کاروباری برادری کی جانب سے ملکی معاشی ترقی کیلئے تجاویز نہایت اہم ہیں، ہر ماہ کاروباری برادری سے باقاعدگی سے ملاقات کرکے ان کو ملکی معاشی ترقی کیلئے مشاورتی عمل کا حصہ بناؤں گا۔شہباز شریف نے عبد الستار ایدھی کی 9 ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا انہوں نے انسانیت کی خدمت کی بہترین مثال قائم کی،وہ ہماری قوم کا انمول اثاثہ تھے ۔