اے این پی رہنما ثمر بلور کی وزیر اعظم سے ملاقات، ن لیگ میں شامل
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما اور بلور خاندان سے تعلق رکھنے والی ثمربلور نے (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ثمربلور نے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ثمر بلورکے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے سے صوبے میں پارٹی مضبوط ہوگی۔
ادھر وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر برائے اطلاعات و نشریات اختیارولی نے کہا کہ قومی اسمبلی کی ایک نشست ثمر بلور اور دوسری نشست ایم پی اے جمشید مہمند کی اہلیہ کو دی جائے گی۔ دریں اثنا صدر عوامی نیشنل پارٹی ایمل ولی خان نے ردعمل میں کہا ہے کہ ثمر بلور کا فیصلہ حیران کن نہیں، متعدد ساتھیوں نے پہلے ہی اس امکان سے آگاہ کر دیا تھا، ثمر بلور کو اسمبلی کی نشست شہید بشیر بلور اور ہارون بلور کے لہو کی بدولت ملی تھی۔ حاجی غلام احمد بلور آج بھی پارٹی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں،انکی شخصیت اس عمر میں مزید آزمائشوں کی ہرگز حقدار نہیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے کہاہے کہ ثمربلور کی اپنی مرضی ہے، کسی کے ذاتی فیصلے میں کیاکرسکتا ہوں، میں اے این پی کے ساتھ ہوں۔خیال رہے کہ ثمر بلور غلام احمد بلور کے بھتیجے ہارون بلور شہید کی بیوہ ہیں اور انہوں نے 10 جولائی 2018 کو شوہر کی شہادت کے بعد سیاست میں قدم رکھا تھا۔