شاہ محمود، عمر چیمہ، محمود الرشید کی درخواست ضمانت خارج

 شاہ محمود، عمر چیمہ، محمود الرشید کی درخواست ضمانت خارج

لاہور، اسلام آباد (کورٹ رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے )لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کو راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی،عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی ضمانت کی درخواستوں کو خارج کردیا ۔

انسداد دہشتگردی عدالت   کے جج منظر علی گل نے فیصلہ سنایا۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے حقائق کے برعکس مقدمہ بنایا ، جلاؤ گھیراؤ سے کوئی تعلق نہیں ، جب سے گرفتار ہیں جیل میں ہیں عدالت ضمانت کی درخواستوں کو منظور کرے جبکہ پراسیکیوشن نے ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کی اور کہا ملزم تفتیش میں قصور وار پائے گئے ،عدالت ضمانت کی درخواستوں کو خارج کرے ، عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے شاہ محمود ، عمر سرفراز اور محمود الرشید کی ضمانت کی درخواستوں کو خارج کردیا ۔جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد شہزاد خان کی عدالت نے 9 مئی کیس میں شاہ محمود قریشی کی بریت درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔گز شتہ روز سماعت کے دوران شاہ محمود کے وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ عدالت نے اس کیس میں کئی ملزمان کو بری کیا ہے ،دلائل مکمل ہونے پرعدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی جناح ہاؤس حملے کے مقدمے میں سیکرٹری پی ٹی آئی لاہور اویس یونس سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 12 ستمبر تک توسیع کر دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی،ملزم اویس یونس سمیت دیگر اپنی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے ،ملزموں کے وکیل نے استدعا کی کہ ضمانت کی درخواستوں پر دلائل کیلئے انہیں مہلت دی جائے ،عدالت نے استدعا منظور کر لی،عدالت نے ملزم حیدر علی کی عبوری ضمانت واپس لینے پر نمٹا دی ۔جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں زیرسماعت پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف 26 نومبراحتجاج پر درج مقدمہ میں وکلا صفائی نے گواہان پر جرح شروع کردی۔عدالت نے کیس کی سماعت آج تک ملتوی کر دی۔پی ٹی آئی کارکنان کیخلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں