مظاہرین کو کنٹرول کیلئے فورس تیار، املاک کو نقصان سے بچایا جاسکے گا:مریم نواز
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوام کے جان ومال اور سرکاری املاک کے تحفظ کیلئے پاکستان کی پہلی باقاعدہ رائٹ مینجمنٹ پولیس فورس قائم کردی گئی ،پنجاب کی پہلی رائٹ مینجمنٹ پولیس 5ہزار اہلکاروں پر مشتمل ہے اور پہلے بیج میں شامل 3ہزار رائٹ مینجمنٹ پولیس اہلکاروں کی ٹریننگ مکمل ہونے پر پولیس ٹریننگ سنٹر فاروق آباد میں پاؤسنگ آؤٹ تقریب ہوئی۔
رائٹ مینجمنٹ پولیس کو مختلف اقسام کے ہجوم کو کنٹرول کرنے کی خصوصی تربیت دی گئی،رائٹ مینجمنٹ پولیس ہجوم کو املاک کو نقصان پہنچانے اورجتھوں کو حملے سے روکے گی ۔ رائٹ مینجمنٹ پولیس کو پیشہ ورانہ صلاحیت کے لحاظ سے خصوصی الاؤنس دیا جائے گا ۔مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ پہلی ترجیح ہے ،رائٹ مینجمنٹ پولیس فورس کا قیام خوش آئند ہے ،رائٹ مینجمنٹ پولیس فورس سکواڈ کے قیام سے سرکاری اور نجی املا ک کوپہنچنے والے نقصان کو روکاجاسکے گا،مشتعل ہجوم کو بحفاظت کنٹرول کرنے سے حالات کوخراب ہونے سے بروقت بچانا ممکن ہوگا ۔وزیراعلیٰ نے امید کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ ہمت وحوصلہ کریں توامید کی روشنی یقین کا تمتاتا سورج بن جاتی ہے ، امید ایک ایسا جذبہ ہے جو ہمیں آگے بڑھنے کی طاقت دیتا ہے ۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مشکلات اور چیلنجز کے باوجود امید کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چا ہئے ، ان شاء اللہ فلسطین اور کشمیر کے عوام پر جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ مریم نواز کاکہناتھاکہ مسلم لیگ ن عوام کی امید بن چکی ہے ، پاکستانی قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے دن رات کوشش کررہے ہیں۔ عوام کو یہی امید تھی کہ پاکستان مسلم لیگ ن آئے گی تو ہی لیپ ٹاپ،سکالر شپ اورفری میڈیسن ملیں گی۔