وزارتِ منصوبہ بندی نے 10 وفاقی فوکل گروپس تشکیل دیدئیے
اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے وزارتِ منصوبہ بندی نے 10 وفاقی فوکل گروپس تشکیل دیدئیے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں چینی ماہرین کی رپورٹ کی روشنی میں مختلف شعبوں کے لیے عملی منصوبے کو حتمی شکل دینے اور اس پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ چینی سفارتخانے کی جانب سے موصول ہونے والی یہ رپورٹ چین کے ماہرین کی ٹیموں نے پاکستان کے دورے کے بعد تیار کی تھی جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون بڑھانے کے ممکنہ شعبوں کا جائزہ اور تجاویز دی گئی تھیں۔ رپورٹ میں رابطہ سازی، قومی زرعی منصوبہ، گوادر پورٹ سے منسلک منصوبے، آئی ٹی تعاون اور دیگر اہم شعبوں میں سفارشات پیش کی گئی ہیں۔ اس مقصد کے لیے تمام وزارتوں سے کہا گیا کہ وہ رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی رائے اور تجاویز پیش کریں۔ احسن اقبال نے وزارتوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی تجاویز کو چینی سفارشات سے ہم آہنگ کر کے ایک واضح لائحہ عمل تیار کریں۔