پاکستان میں ایرانی سفیر مطلوب افراد کی امریکی فہرست میں شامل
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں)امریکی تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سمیت تین ایرانی شخصیات کے نام ‘انتہائی مطلوب افراد’ کی فہرست میں شامل کر دیئے ہیں۔۔۔
جبکہ پاکستان نے کہا ہے کہ ایرانی سفیرہمارے لئے قابل احترام ہیں انہیں گرفتارنہیں کرسکتے ،تفصیلات کے مطابق ایف بی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور دیگر دو ایرانی شخصیات، تقی دانشور اور غلا حسین محمدنیا، مارچ 2007 میں ریٹائرڈ امریکی سپیشل ایجنٹ رابرٹ اے ‘بوب’ لیونسن کے اغوا میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔ ریٹائرڈ سپیشل ایجنٹ بوب 9 مارچ 2007 کو ایران کے جزیرہِ کیش سے لاپتا ہوئے اورممکنہ طور پر بعد میں اپنے خاندان، دوستوں اور ساتھیوں سے بہت دور قید میں زندگی ہارگئے تھے، یورپ میں مقیم انٹیلی جنس ایجنٹوں نے انہیں تہران میں اطلاع دی اور تہران میں حکام نے ایف بی آئی ایجنٹ کے اغوا کا الزام پاکستان کے بلوچستان کے علاقے میں سرگرم عسکریت پسند گروپ پر ڈالنے کی کوشش کی جبکہ پاکستانی ترجمان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے سفیر ہمارے لیے قابل احترام ہیں، اپنے ہمسایہ برادر ملک سے ان کو مکمل سفارتی پروٹوکول حاصل ہے اور کسی بھی تیسرے ملک کے فیصلے سے سفارتی سٹیٹس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔بطور سفارت کار رضا امیری مقدم کو استثنیٰ حاصل ہے، اس لیے پاکستان انہیں گرفتار نہیں کر سکتا۔ بی بی سی کے مطابق اس معاملے پر تبصرے کے لیے پاکستان میں ایرانی سفارتخانے سے رابطہ کیا مگر تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔