بلوچستان :پولیس قافلے پر حملہ،قائم مقام ڈی ایس پی سمیت2اہلکار شہید
کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں )مستونگ کے علاقے میں پولیس قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں قائم مقام ڈی ایس پی سمیت2اہلکار شہید جبکہ 2کانسٹیبل زخمی ہوگئے ۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ جمعہ کو دہشت گردوں نے قلات سے کوئٹہ آنے والے پولیس قافلے کو چوتو کے مقام پر نشانہ بنایا، قافلے میں دو ٹرک اور دو پک اپ شامل تھیں، حملے میں قائم مقام ڈی ایس پی انسپکٹر عبدالرزاق اور کانسٹیبل رضا محمد جام شہادت نوش کر گئے جبکہ فائرنگ سے کانسٹیبل تاج محمد اور کانسٹیبل خورشید احمد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ شہداء کی میتوں اور زخمی اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات امن دشمنوں کی مایوسی کا مظہر ہیں، بلوچستان کے عوام اور سکیو رٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے ۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ حملے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ، ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔