ہنگامہ آرائی کیس:دہشتگردی دفعات خارج کرنیکی درخواست

ہنگامہ آرائی کیس:دہشتگردی دفعات خارج کرنیکی درخواست

کراچی (سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ہنگامہ آرائی، پولیس اور سرکاری املاک پر حملے کے 3 مقدمات سے انسداد دہشت گردی دفعات خارج کرنے کی درخواست دائر کردی۔

 عدالت نے پراسیکیوشن سے 9 اگست تک جواب طلب کرلیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف ہنگامہ آرائی، پولیس پر حملہ اور دہشت گردی سے متعلق 3 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ، علی زیدی، خرم شیرزمان، فردوس شمیم نقوی اور دیگر ملزم عدالت میں پیش ہوئے ۔ ملزموں کے وکیل شجاعت علی خان ایڈووکیٹ نے مقدمات سے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات خارج کرنے اور مقدمہ سیشن کورٹ میں منتقل کرنے کی درخواست دائر کی۔ شجاعت علی خان ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ مقدمہ سیاسی مخالفت کی بنیادوں پر درج کیا گیا ہے ، مقدمے کے مندرجات بھی دہشت گردی دفعات کی سفارش نہیں کرتے ۔ عدالت نے پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 اگست تک جواب طلب کرلیا۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف ہنگامہ آرائی اور پولیس پر حملے کے مقدمات تھانہ فیروز آباد اور سولجر بازار میں درج ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر کیماڑی کے دفتر پر حملے کا مقدمہ تھانہ سائٹ اے میں درج ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں