سپیشل پروفیشنل اور ایم پی پے سکیل والے106افسران کی کارکردگی کے آڈٹ کا فیصلہ
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 13 وفاقی وزارتوں میں سپیشل پروفیشنل پے سکیل اور ایم پی سکیل میں تعینات 106 افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے مذکورہ افسران کی کارکردگی کے جائزے کیلئے ہیومن ریسورس ،ایڈمنسٹریٹو اور آڈٹ کمپنیوں کی خدمات لینے کی منظوری دے دی ہے ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی وزارتوں میں خصوصی پے پیکیج لینے والے افسران کی کارکردگی کا جائزہ اور آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق وفاقی وزارتوں میں 71 افسران ایم پی سکیل میں تعینات ہیں ان میں ایم پی سکیل ون میں 22، ایم پی سکیل ٹو میں 20 ،ایم پی سکیل تھری میں 29 افسران تعینات ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق کابینہ ڈویژن میں9، وزارت موسمیاتی تبدیلی میں چار، وزارت اطلاعات و نشریات میں ایک، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں ایک، میری ٹائم افیئر میں چھ، وزارت خارجہ میں تین ، وزارت خزانہ میں سات، وزارت منصوبہ بندی وترقی میں دو ، وزارت ریلوے میں 8 ،وزارت نیشنل سکیورٹی ڈویژن میں دو ،وزارت دفاع میں ایک جبکہ سب سے زیادہ وزارت قانون و انصاف میں 11 ، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن میں بھی 11 افسران ایم پی سکیل میں تعینات ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق سپیشل پروفیشنل پے سکیل میں وزارت خزانہ میں 7، وزارت صنعت و پیداوار میں ایک ،وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن میں دو، وزارت تجارت میں دو، وزارت اطلاعات و نشریات میں دو، وزارت نیشنل فوڈسکیورٹی میں دو ، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں سات ،وزارت پٹرولیم میں دو ،وزارت منصوبہ بندی وترقی میں سات افسران تعینات ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے مذکورہ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی منظوری دی ہے ۔ تھرڈ پارٹی آڈٹ رپورٹ کے مطابق مذکورہ افسران کی ملازمت برقرار رکھنے اور کنٹریکٹ میں توسیع کا فیصلہ کیا جائے گا ۔