مون سون بارشوں سے نقصانات : 216 افراد جاں بحق، 582 زخمی، 779 گھر تباہ
لاہور(نیوز ایجنسیاں،نمائندگان)این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں مون سون بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 26 جون سے 20 جولائی تک چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے سمیت دیگر واقعات میں216افراد جاں بحق،582 زخمی، 779 گھر تباہ اور 195 جانور ہلاک ہوئے۔۔۔
جبکہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت بیشتر اضلا ع میں تیز ہواؤں/آندھی و گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ، پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے بڑے دریاؤں میں بارشوں کے باعث فلڈ الرٹ جاری کردیا۔دوسری طرف 24گھنٹوں میں نئے واقعات میں 2کمسن بچوں سمیت مزید 5فراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے جاری رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ پنجاب میں سب سے زیادہ 135 اموات، خیبر پختونخوا میں 42، سندھ میں 21، بلوچستان میں 16 ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں ایک ، ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ۔ جاں بحق افراد میں 75 مرد، 40 خواتین اور 101 بچے شامل ہیں ۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق منگلا ڈیم میں 49 فیصد ، تربیلا میں 79 فیصد پانی موجود ہے ،دریائے سندھ میں تربیلا چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے ۔ لاہور، سیالکوٹ،فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔ترجمان محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج لاہور، گوجرانوالہ،نارووال ، حافظ آباد، شیخوپورہ، قصور سمیت دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چند مقامات پر بارش ہو ئی ،لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت29 اور زیادہ سے زیادہ34سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،آلودگی کی مجموعی شرح 67فیصد رہی ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج 21 سے 24 جولائی کے دوران دریاؤں میں سیلابی صورتحال بن سکتی ، ستلج، راوی، چناب، جہلم اوردریائے سندھ ،ملحقہ ندی نالوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے ۔ کالا شاہ کاکو میں نالہ بھیڑ میں شگاف پڑ نے سے فصلیں ڈوب گئیں۔ادھر اوکاڑہ میں گزشتہ روز تھانہ حویلی لکھا کے علاقے بلو شاہ میں ریت نکالنے کے بعد بننے والاگڑھا بارشی پانی سے بھر گیا، جس میں گر کر 10 سالہ بچی ام ایمن ڈوب گئی ، پولیس نے ریت نکالنے والے ایک ملزم یاسین کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ دریں اثناء مریدکے میں 10 سالہ عدنان پاؤں پھسلنے سے نالہ ڈیک میں جاگرا اورڈوب کر جاں بحق ہو گیا ۔علاوہ ازیں کوٹ پنڈی داس کے ایک فارم ہاؤس پر دو مزدور شبیر اور رمضان ٹیوب ویل چلانے کیلئے کنویں میں اترے اورگیس کی وجہ سے دم گھٹنے پر دم توڑ گئے ۔ ادھر بارشوں سے شیر گڑھ کے موضع26 ون اے ایل میں فضل دین کاگھر گر گیا جس سے اسکی بہو مسماۃ (ر)بی بی جاں بحق ہو گئی،2 بچے معمولی زخمی ہوئے ۔علاوہ ازیں دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث ضلع وہاڑی کے نشیبی علاقوں میں نچلے درجے کا سیلاب پیدا ہو گیا ،موضع گاہی شاہ کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں زیر آب آگئیں ، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نکل مکانی کر رہے ہیں۔