خیبر پختونخوا : سینیٹ ڈیل کامیاب، پی ٹی آئی 6 ، اپوزیشن کی 5 نشستیں

خیبر پختونخوا : سینیٹ ڈیل کامیاب، پی ٹی آئی 6 ، اپوزیشن کی 5  نشستیں

پشاور،لاہور(سیاسی نمائندہ،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن میں سینیٹ کے معاملے پر ڈیل کامیاب،پختونخوا سے تحریک انصاف 6 اور اپوزیشن کے 5 سینیٹر منتخب ہوگئے جبکہ پنجاب سے مسلم لیگ ن کے امیدوار اور مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر حافظ عبدالکریم فاتح رہے، حکمران اتحاد کو سینیٹ میں دوتہائی اکثریت مل گئی۔

خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر الیکشن کے نتائج سامنے آ گئے ۔ابتدائی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار مراد سعید ، فیصل جاوید ، نورالحق قادری ، مرزا آفریدی جنرل نشستوں،اعظم سواتی ٹیکنوکریٹ اور روبینہ ناز خواتین کی نشست پر کامیاب ہوگئیں۔پیپلزپارٹی کے طلحہ محمود جنرل نشست اور روبینہ خالد خواتین کی نشست پر کامیاب ہوئیں۔ جے یو آئی کے عطا الحق درویش جنرل نشست اور دلاور خان ٹیکنوکریٹ کی نشست پر کامیاب ہوئے ، مسلم لیگ ن کی طرف سے نیاز احمد جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہو ئے ۔قبل ازیں سینیٹ کی 11 نشستوں کیلئے تمام 145 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے ، آخری ووٹ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اسمبلی علی امین گنڈا پور کا کاسٹ ہوا،دن بھر پولنگ کا عمل سست مگر پرامن طور پر جاری رہا،الیکشن کیلئے کے پی اسمبلی کے جرگہ ہال کو الیکشن روم مقرر کیا گیا تھا اور سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ۔واضح رہے کے پی اسمبلی میں حکومتی ارکان کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن کی تعداد 53 ہے ، جنرل، ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی نشستوں پر 12 آزاد امیدوار بھی میدان میں تھے جبکہ جنرل نشست پر ایک سینیٹر منتخب کرنے کے لیے 19 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔

جنرل نشست پر مراد سعید کو 26 ، فیصل جاوید کو 22 ،نورالحق قادری اور مرزا آفریدی کو 21 ،21ووٹ ملے ،خواتین کی نشست پر روبینہ ناز کو 89 ووٹ ملے ،پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار خرم ذیشان کو کوئی ووٹ نہیں پڑا۔خیال رہے الیکشن سے قبل سینیٹ الیکشن سے متعلق صوبائی حکومت اور اپوزیشن میں ڈیل ہوئی تھی جس میں حکومت کی 6اپوزیشن کی 5نشستوں کا فارمولا طے کیا گیا تھا۔ادھر پنجاب اسمبلی سے سینیٹ انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار اور مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر حافظ عبد الکریم 243 ووٹ کی بھاری اکثریت لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار عبدالستار نے 99 ووٹ حاصل کئے ، آزاد امیدواروں اعجاز منہاس اور خدیجہ صدیقی کو ایک بھی ووٹ حاصل نہ ہو سکا۔صبح 9 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 4 بجے تک جاری رہی،368 ووٹوں میں سے 345 ووٹ کاسٹ کئے گئے ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی ووٹ کاسٹ کیا جبکہ مجموعی طور پر 3 ووٹ مسترد ہوئے ۔یہ نشست مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سابق امیر پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔

اسلام آباد(وقار علی سید)خیبر پختوانخواکی گیارہ سینیٹ نشستوں پر سواسال کی تاخیر سے ہونے والے انتخابات کے بعد  حکمران اتحاد کو جمعیت علماء اسلام ف کی حمایت کے بغیر سینیٹ میں بھی دو تہائی اکثریت حاصل ہوگئی۔95کے ایوان میں پیپلزپارٹی 26سینیٹرز کے ساتھ سب سے بڑی پارلیمانی جماعت بن گئی ،پی ٹی آئی 22سینیٹرز کے ساتھ دوسری جبکہ ن لیگ 20سینیٹرز کے ساتھ تیسری بڑی پارلیمانی جماعت بن کر سامنے آئی،حکمران اتحاد میں آزاد6،بلوچستان عوامی پارٹی 4،ایم کیوایم اور اے این پی کے 3،3جبکہ نیشنل پارٹی اورق لیگ کے ایک ایک سینیٹر بھی شامل ہیں،یوں سینیٹ میں حکمران اتحاد کے ارکان 64 ہوگئے ۔دوسری جانب پی ٹی آئی کو ایم ڈبلیوایم اور سنی اتحاد کونسل کے حامد خان کی حمایت بھی حاصل ہے تو یوں اپوزیشن ارکان کی کل تعداد 24ہوگئی ،جبکہ ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر انتخاب ہونا تاحال باقی ہے جس میں پی ٹی آئی امیدوار کی کامیابی کے واضح امکانات ہیں،سینیٹ میں آزاد بنچز پر براجمان جے یو آئی ف کے سینیٹرز کی تعداد 7ہوگئی ،حکمران اتحاد کو قومی اسمبلی میں 234جبکہ سینیٹ میں 64اراکین کی حمایت کے بعد دو تہائی اکثریت حاصل ہوگئی ،تاہم سینیٹ میں نمبرز گیم کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی اہمیت بڑھ گئی اور اب ن لیگ حکومت کو پی پی کی حمایت کے بغیر فیصلوں میں دشواری کا سامنا کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں