غیر قانونی یورپ جانے کی کوشش ایئر پورٹس سے 21مسافرگرفتار
لاہور،سیالکوٹ ،گوجرانوالہ (اپنے کامرس رپورٹر سے ،آئی این پی )ایف آئی اے نے مختلف کارروائیوں کے دوران غیر قانونی یورپ جانے کی کوشش کرنے پر 21مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے عمرے پر جانے والے 9 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا،ان مسافروں میں عامر خان، زین ارشد، غلام مصطفی، امجد اقبال، اختر علی، عثمان علی، محمد عثمان، علی حسن اور زین علی شامل تھے اور انہوں نے غیر قانونی طور پر لیبیا کے سمندری راستے سے یورپ جانا تھا ، ملزموں کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا۔ادھر ایف آئی اے امیگریشن سیل نے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر12 مسافروں کو آف لوڈ کرکے گرفتار کر لیا ، ملزم یوگنڈا، سے لیبیا اور پھر غیرقانونی طریقے سے یورپ جانا چاہتے تھے ۔ملزموں کا تعلق گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور شیخوپورہ سے ہے ۔گرفتار ملزمان میں عمر حیات، اسامہ، وقاص، شاول، ابوبکر، شوبان، محمد اعجاز ، عابد علی، خاور شہزاد، تیمور امداد، وسیم اصغر اور فیصل عباس شامل ہیں ۔ملزمان فلائٹ نمبر FZ-316 سے وزٹ ویزے پر یوگینڈا جا رہے تھے ،ملزمان کو مزید کارروائی اور ایجنٹوں کی نشاندہی کیلئے کمپوزٹ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیاہے