بدزبانی ہمارے سیاسی کورس کا حصہ بن چکی ، تھنک ٹینک
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف تجزیہ کا ر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ بدزبانی ہمارے سیاسی کورس کا حصہ بن چکی ،جوکوئی بھی سخت زبان استعمال کر تا ہے ،اس سے ان کو شہرت ملتی ہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہااگر سیاسی جماعتیں بدزبانی کو نہیں روکیں گی تو نقصان جماعتوں کا اپنا ہو گا، ن لیگ کو اپنے رویے میں نرمی لانی چاہئے ،ن لیگ اگر صبر سے کام لے تو اس کا مقام اور بڑھے گا۔ معروف تجزیہ کا ر سلمان غنی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف کی ملاقات میں پیپلز پارٹی سے معاملات بہتر کرنے کاایجنڈا نہیں تھا،میں بحیثیت صحافی سمجھتا ہوں کہ مریم نواز نے جو کیفیت طاری کی ہے ، اس کا مسلم لیگ ن کو فائدہ ہوا ہے ، مریم پر جو تنقید ہوئی ہے اس کے جواب میں کھل کر اظہار خیال کیا،تجزیہ کا ر عثمان شامی نے کہا ہے کہ جاتی امرا میں جب ملاقات ہوئی تو شہباز شریف نے مریم نواز کو سمجھایا کہ زیادہ سخت زبان استعمال نہ کریں، پیپلز پارٹی والے یہی کہہ رہے ہیں دراصل یہ خاندان کی لڑائی ہے ،یہ اس کا شاخسانہ ہے ، وہ چاہتے ہیں کہ ہم ایسا کام کریں کہ ہم حکومت چھوڑ دیں، مریم کے چچا شہباز کو تھوڑی بہت مشکل ہوجائے ۔تجزیہ کا ر خواجہ عمران رضا نے کہا ہے عوام ووٹ اس لئے دیتے ہیں کہ کوئی حکومت بنے اور وہ ہمارے مسائل حل کرے گی،موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے عوام شدید پریشان ہے ،حکومت نے معاشی اور سیاسی آزادی چھین لی ، کوئی احتجاج نہیں کرسکتا، 26 ویں ترمیم کے بعدعدلیہ سرنگوں ہو چکی ہے ، یہ معاملات ہیں لیڈروں کو دیکھنا چاہئے ،پیپلز پارٹی اپنے ووٹ بڑھانے کیلئے پنجاب حکومت پر تنقید کرتی ہے ۔