پاکستان تجارت کا دروازہ،نجکاری مواقع دیکھ رہے :سعودی وفد
شہزادہ منصوراور 30 رکنی وفد کی وزیر اعلیٰ سندھ ہاؤس میں مرادشاہ سے ملاقات سعودی سرمایہ کاری کیلئے ورکنگ گروپس اور ذیلی کمیٹیاں قائم،دوایم او یوز پردستخط کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود اور 30 رکنی اعلیٰ سطح کے کاروباری وفد کا وزیر اعلیٰ ہاؤس میں استقبال کیا۔
وزیر اعلیٰ نے سعودی سرمایہ کاروں کو زراعت، لائیو اسٹاک، معدنیات و کان کنی، بنیادی ڈھانچے ، توانائی اور غذائی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔فریقین نے ترجیحی شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دینے پر اتفاق کیا ۔شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ذیلی کمیٹیاں قائم کرنے کا اعلان کیا۔شہزادہ منصور نے کہا ہم معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے ایک ساتھ کام کریں گے ، پاکستان پورے خطے میں تجارت کا دروازہ ہے ، پاکستان سیاحت کے لحاظ سے بھی بے پناہ اہمیت رکھتا ہے ، ہم ہر شعبے سے سرمایہ کاروں کو اپنے ساتھ لائے ہیں جو یہاں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان نجکاری کے عمل سے گزر رہا ہے اور ہم اس میں اپنے لیے مواقع دیکھ رہے ہیں۔اس موقع پر دو اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔پہلی مفاہمتی یادداشت کے ای ایس پاور لمیٹڈ میں حصص کی خرید و فروخت سے متعلق تھی جبکہ دوسری یادداشت کے الیکٹرک لمیٹڈ اور ٹرائیڈنٹ انرجی لمیٹڈ کے درمیان پاکستان کے توانائی کے شعبے میں اسٹرٹیجک تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے دستخط کی گئی۔دریں اثنا مراد علی شاہ نے مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے 25ویں سالانہ کنونشن سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر کی جانی چاہیے ۔