راستوں کی بندش :کورم پورا نہ ہونے پر سینیٹ اجلاس ملتوی
وزیر قانون کی تحریک پر وقفہ سوالات موخر ، کور م کی نشاندہی پر گھنٹیاں بج گئی مذہبی جماعت کی سرگرمی کے باعث ارکان اجلاس میں نہ پہنچ سکے ، اعظم نذیر تارڑ
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )ایوان بالا کا اجلاس ارکان کی غیر حاضری اور تحریک لبیک کے احتجاج کے باعث راستے بند ہونے کی وجہ سے غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ،پریذائیڈنگ افسر منظور احمد کاکڑ کی زیرِ صدارت اجلاس میں وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نےوقفہ سوالات مؤخر کرنے کی تحریک پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیاجس پر وقفہ سوالات معطل کر دیا گیا،اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان غیر حاضر رہے جبکہ گزشتہ روز بھی وہ سینیٹ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ، پریذائیڈنگ افسر نے کہا کہ تمام ارکان سیلاب کے موضوع پر بات کرنا چاہتے ہیں، وقت کی کمی ہے ،اس دوران پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کورم کی نشاندہی کی جس پر پریذائیڈنگ افسر منظور احمد کاکڑ نے گنتی کروانے کی ہدایت کی ،پریذائیڈنگ افسر نے اعلان کیا کہ ایوان میں کورم مکمل نہیں جس کے بعد 5 منٹ کیلئے گھنٹیاں بجانے کا حکم دیاگیا ،وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ ایک مذہبی جماعت کی اسلام آباد میں سرگرمی کے باعث راستے بند ہیں جس کی وجہ سے زیادہ تر ارکان اجلاس میں نہیں پہنچ سکے ،اس دوران پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا اجلاس میں پہنچ گئے تاہم اس کے باوجود سینیٹ اجلاس میں کورم پورا نہ ہو سکا اور اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔