ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ،شہباز شریف

 ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ،شہباز شریف

بھارت سے جنگ کے دوران ترک قیادت چٹان کی طرح پاکستان کیساتھ رہی دونوں معاشی، دفاعی تعاون میں آگے بڑھ رہے ، یوم جمہوریہ کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے 102 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ترکیہ کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے پاکستان اور ترکیہ یکجان دو قالب ہیں،دونوں ممالک معاشی، تزویراتی اور دفاعی تعاون میں آگے بڑھ رہے ہیں،ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ،بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران ترکیہ کی قیادت چٹان کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی،ہماری بہادر مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی قیادت میں چار دن میں دشمن کو بھرپور سبق سکھایا،ترکیہ نے ہمیشہ فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے پاکستانی موقف کی حمایت کی ،پاکستان بھی قبرص کے معاملے پر ترکیہ کے موقف کی حمایت کرتا ہے ۔ وہ بدھ کو ترکیہ کے 102 ویں یوم جمہوریہ کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ،وفاقی وزرا، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نے کہا ہمارے دل ترک بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،ترکیہ کی ترقی اور خوشحالی کا سفر قابل فخر کامیابیوں سے عبارت ہے ،ترک صدر کی غیر معمولی قیادت کے باعث ترکیہ جدت، تہذیب اور ثقافت کا امتزاج بن چکا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان اور ترکیہ کا اس بات پر مکمل اتفاق ہے کہ ہم ہر دکھ سکھ میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے ۔وزیراعظم نے کہا کہ جنگ ہو،تباہ کن زلزلہ ہو یا سیلاب ترکیہ پاکستان کی مدد میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے ۔قبل ازیں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوگلو نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا پیغام پڑھ کر سنایا۔وزیراعظم شہباز شریف نے یوم جمہوریہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔قبل ازیں اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تزویراتی شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔ دریں اثناء شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ۔ ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن نے وزیر اعظم اور پاکستانی وفد کو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں