میڈیکل کے پاسنگ مارکس میں کمی،دوبارہ 50 فیصد کر دئیے گئے
پروفیشنل امتحانات کیلئے 50 فیصد نمبروں اور 75 فیصد حاضری کی شرائط بھی بحال یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سنڈیکیٹ کے اجلاس میں 4نئے پروگرامز کی بھی منظوری
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سنڈیکیٹ اجلاس میں اہم فیصلے ،پروفیشنل امتحانات کیلئے 50 فیصد نمبروں اور 75 فیصد حاضری کی شرائط بحال کردی گئیں۔پی ایم ڈی سی کے نوٹیفکیشن کا اطلاق ایم بی بی ایس سمیت تمام انڈر گریجویٹ پروگرامز پر ہوگا ۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس)کی سنڈیکیٹ کا 93واں گزشتہ روز وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)کے تازہ نوٹیفکیشن کے تحت ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور تمام انڈر گریجویٹ پروگرامز کیلئے پاسنگ مارکس 65 فیصد سے کم کرکے دوبارہ 50 فیصد کر دئیے گئے ۔
اسی طرح امتحان میں بیٹھنے کیلئے لازمی کم از کم حاضری کی شرط 85 فیصد سے کم کرکے پہلے کی طرح 75 فیصد کر دی گئی ۔علاوہ ازیں سنڈیکیٹ نے سنٹرل پارک کالج آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے بی ایس پروگرامز کے الحاق میں توسیع ،یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ اور فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایم ایس پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری پروگرامز کے الحاق کی منظوری دیدی ۔ اجلاس میں امتحانات میں سائبر بیسڈ نقل کی روک تھام کیلئے نئی پالیسی اور امتحانی عملے و سپروائزری سٹاف کی ذمہ داریوں سے متعلق پالیسی ،اگلے سال سے تمام تحریری یعنی تھیوری امتحانات کو مکمل طور پر ایم سی کیو پیٹرن پر منتقل کرنے ،چار نئے پوسٹ گریجویٹ پروگرامز ایم ڈی ہیماٹولوجی، مائیکروبیالوجی، ہسٹوپیتھالوجی اور ایم ایس گلوکوما کی بھی منظوری دی گئی۔