وزیراعلیٰ پختونخوا کا ٹمبر مافیا کے خلاف کریک ڈائون کا حکم

وزیراعلیٰ پختونخوا کا ٹمبر مافیا کے خلاف کریک ڈائون کا حکم

جنگلات قوم کی امانت ہیں، درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر فوجداری مقدمات ہونگے محکمے قانون میں موجود سقم کی نشاندہی، تجاویز دیں ، سہیل آفریدی کا ا جلاس سے خطاب

 پشاور (دنیا نیوز،اپنے رپورٹرسے )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے درختوں کی کٹائی پر زیرو ٹالرنس اور ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ،و زیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ ماحولیاتی تبدیلی، جنگلات و جنگلی حیات کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے درختوں کی کٹائی پر زیرو ٹالرنس، ٹمبر مافیا کے خلاف کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جنگلات قوم کی امانت ،لوٹ مار برداشت نہیں کی جائے گی، درختوں کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہوں گے ۔

انہوں نے غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا کہ غیر قانونی شکار اور جنگلی حیات کی تجارت میں ملوث افراد کو فورا گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے ،سہیل آفریدی نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے قانون میں موجود سقم کی نشاندہی کر کے نئی تجاویز پیش کریں، دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفرید ی سے چیئرمین مجلس وحدت المسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور سربراہ تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی۔ملاقات میں قومی و سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں