پنجاب کابینہ : بھرتیوں کی منظوری ، الیکٹرک بس کرایہ میں اضافہ مسترد
مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ،ایئر پنجاب کمپنی کی منظوری
لاہور(اپنے نامہ نگار سے ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت 30واں کابینہ اجلاس گزشتہ روز ہوا، جس میں مختلف بھرتیوں کی منظوری دی گئی جبکہ ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں الیکٹرو بس کرایوں میں اضافہ کی سمری کو مستر دکر دیاگیا۔ صوبائی کابینہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی باضابطہ توثیق بھی کر دی ۔کابینہ نے سرکاری سکولوں میں سکول ٹیچرز انٹرنکی بھرتی ،پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف اموویبل پراپرٹی آرڈیننس اورچیف منسٹر ہائی ٹیک فارم میکنائزیشن فنانس پروگرام کے تحت سبسڈی پروگرام کی منظوری بھی دی ۔اجلاس میں 15نومبر تک گنے کی کرشنگ کا سیزن شروع کرنے کی تجویز پر اتفاق کیاگیااور اس حوالے سے کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔مریم نواز کا کہناتھاکہ ماضی میں میکنائزیشن پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے زراعت زبوں حالی کا شکار ہوئی۔صوبائی کابینہ نے لاہور تا راولپنڈی ہائی سپیڈ ریل کیلئے ایم او یو ، ایئر پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے قیام،پرائم منسٹر کیش لیس سٹرٹیجی کے تحت ریٹیلرز کیلئے کیو آر کوڈ ، الیکٹرک بس کیلئے مختلف شہروں میں الیکٹر ک ڈپو قائم کرنے کیلئے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کو گرانٹس کی فراہمی ،گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا سنگ بنیاد رکھنے ،
پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او کی تعیناتی ، یونیورسٹی آف حافظ آباد کے قیا م ، تحصیل کوہ سلیمان اور ضلع راجن پور سے خارج کردہ علاقوں تک کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کا دائرہ کار بڑھانے ، چیف منسٹر پنجاب گرین ٹریکٹر فیز ٹوکیلئے سبسڈی، اٹک، لیہ اور بہاولنگر تین جنرل ہسپتالوں کے قیام کیلئے بیڈز کی تعداد بڑھانے ،پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز رولز 2022 میں ترمیم اورموبائل سی آر ایم ایس ایپ 2025 کے ضمنی معاہدے کے مسودے کی منظوری دے دی ۔ اعلیٰ عدلیہ کے ججوں اورغیر ملکی مہمانوں اہم ترین شخصیات کی سکیورٹی کیلئے نئی گاڑیوں سے متعلق سمری، پنجاب خوشحال پروگرام کے تحت سڑکیں بحالی پراجیکٹ ،نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل سمیت کئی امورکی منظوری بھی دے دی گئی ۔وزیراعلیٰ مریم نواز آج سرکاری دورے پر برازیل روانہ ہوں گی جہاں وہ عالمی انوائرمنٹ کانفرنس میں شرکت کریں گی۔ ترجمان کے مطابق مریم نواز ایک ہفتہ بیرون ملک قیام کریں گی،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور دیگر 6 افسر وفد میں شامل ہوں گے ۔