دہشتگردی ختم کرنے کیلئے مالی نگرانی،اجتماعی سیاسی عزم ،عالمی حکمت عملی ناگزیر:سپیکرز کا نفرنس
دہشت گرد انسانیت کے دشمن ان کا کوئی مذہب نہیں ، ان سے نمٹنے کیلئے مشترکہ سکیورٹی اقدامات اٹھانا ہونگے ، یوسف رضا یو این چارٹر ،بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کے تحت امن، سلامتی و ترقی کیلئے غیر متزلزل وابستگی وقت کی ضرورت ، اعلامیہ
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے )بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کا اسلام آباد اعلامیہ متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ و بانی چیئرمین آئی ایس سی یوسف رضا گیلانی نے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی دنیا کے لیے سنگین خطرہ ہے ۔ اس کے خاتمے کیلئے سکیورٹی اقدامات کے ساتھ پارلیمانی تعاون، مالی نگرانی اور اجتماعی سیاسی عزم اور عالمی حکمت عملی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے اسلام آباد اور وانا میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، وہ انسانیت کے دشمن ہیں۔ ان کے خلاف مشترکہ سکیورٹی اقدامات وقت کی ضرورت ہے ، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ یوسف رضا گیلانی نے ‘‘مشترکہ حکمتِ عملی، باہمی تعاون اور عالمی ہم آہنگی’’ پر زور دیا۔
اسلام آباد اعلامیہ میں اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کے تحت امن، سلامتی اور جامع ترقی سے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا گیا۔ یہ وقت کی ضرورت ہے ، اعلامیہ میں کہا گیا کہ موجودہ پیچیدہ عالمی حالات میں پارلیمانیں قانون سازی، مکالمے ، بین الاقوامی رابطہ کاری اور پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پائیدار ترقی دیرپا امن کے بغیر ممکن نہیں ، امن انصاف، مساوات اور جامع سماجی و اقتصادی ترقی کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا۔اعلامیہ میں دہشت گردی، انتہاپسندی، موسمیاتی تبدیلی، غربت، وبائی امراض، سائبر سکیورٹی اور اسلاموفوبیا جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اجتماعی تعاون اور مکالمے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔کانفرنس میں شریک فلسطین، روانڈا اور الجیریا کے پارلیمانی رہنمائو ں نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے الگ ، الگ ملاقاتیں کیں۔دریں اثنا کانفرنس میں آئے بیلاروسی وفد کے سربراہ سرگئی ایلینک نے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے سمیت دیگر امور پر زوردیا گیا۔