مری گلاس ٹرین منصوبہ کا روٹ ایئر پورٹ تک بڑھانیکی تجویز
ٹرین کو راول جھیل ، بہارہ کہو بائی پاس تا پنڈی پوائنٹ چلانے کا منصوبہ تھا نیسپاک نے مجوزہ روٹ کو فیض آباد کے راستے ایئر پورٹ تک بڑھانے کی تجویز دی
اسلام آباد(آئی این پی )مری گلاس ٹرین منصوبے کے کنسلٹنٹ نے سی ڈی اے کو تجویز دی ہے کہ منصوبے کے مجوزہ روٹ کو فیض آباد کے راستے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ تک بڑھایا جائے ۔ پنجاب حکومت راول جھیل پارک اور بہارہ کہو بائی پاس سے مری تک گلاس ٹرین سروس کے آغاز کی تیاری کر رہی ہے ۔ موجودہ منصوبے کے مطابق ٹرین بہارہ کہو بائی پاس سے مری کے پنڈی پوائنٹ تک 40 کلو میٹر طویل روٹ پر چلے گی۔گزشتہ ماہ پنجاب حکومت کے وفد نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے ملاقات کی تھی جس میں پنجاب حکام نے مری گلاس ٹرین کو اسلام آباد ا یئر پورٹ سے منسلک کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔دونوں اداروں نے اتفاق کیا کہ سی ڈی اے کی پری فزیبلٹی مکمل کرنے میں نیسپاک معاونت فراہم کرے گا۔ نیسپاک نے اب اپنی پری فزیبلٹی رپورٹ سی ڈی اے کو پیش کر دی ہے اور منصوبے کے کنسلٹنٹ نے ا یئر پورٹ سے فیض آباد تک موجودہ میٹرو ٹریک کو مونوریل کیلئے استعمال کرنے کی سفارش کی اور فیض آباد سے بہارہ کہو بائی پاس تک 13 کلو میٹر طویل نیا ٹریک تعمیر کرنے کی تجویز دی ہے ۔