دسمبر میں 25کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈز اجرا کا پلان مؤخر
وفاقی حکومت اب جنوری یا فروری میں پانڈا بانڈز جاری کرے گی ، ذرائع وزارت خزانہ
اسلام آباد(مدثرعلی رانا)باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آئندہ ماہ دسمبر میں 25 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈز اجرا کا پلان مؤخر کر دیا گیا ۔ وفاقی حکومت نے رواں سال کے آخری ماہ میں پانڈا بانڈز اجرا کا فیصلہ کیا تھا، پانڈا بانڈز اب جنوری یا فروری میں جاری ہو سکے گا، ذرائع وزارت خزانہ کیمطابق پانڈا بانڈز کے اجرا کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک 95 فیصد تک گارنٹی فراہم کریں گے ، اے ڈی بی بورڈ سے گارنٹی ہو چکی ہے جبکہ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک بورڈ سے منظوری تاحال نہیں ہو سکی اسی وجہ سے بانڈز کے اجرا کیلئے پلان میں تبدیلی لائی جا رہی ہے ۔
اے آئی آئی بی بورڈ میٹنگ رواں ماہ کے اختتام یا آئندہ ماہ ہو سکے گی تو پھر پانڈا بانڈز کا اجرا کیلئے تاریخ کا فیصلہ ہو سکے گا۔پاکستان تاریخ میں پہلی بار چین کی انٹر بینک بانڈ مارکیٹ میں پانڈا بانڈ جاری کرنے جا رہا ہے جس کے ذریعے ابتدائی طور پر 25 کروڑ ڈالر چینی یوآن کے برابر اکٹھے کیے جائیں گے ۔ پانڈا بانڈز کی مدت تین سال اور شرح منافع مقررہ فکسڈ ریٹ پر ہو گی جو سنگل ڈیجٹ میں رہنے کی توقع ہے ۔ پاکستان اور چین میں متعلقہ ریگولیٹری منظوریوں کے بعد بانڈز کے اجرا کا پلان مکمل ہو گا اس بانڈ کی فنانشل ایڈوائزری اور انڈر رائٹنگ کی خدمات چائنا انٹرنیشنل کیپٹل کارپوریشن اور حبیب بینک لمیٹڈ فراہم کر رہے ہیں ، ترجمان وزارت خزانہ نے دنیا نیوز سے گفتگو کے دوران پانڈا بانڈز کے اجرا میں تبدیلی کے پلان سے لاعلمی کا اظہار کیا۔