علما مشائخ کانفرنس:ملکی یکجہتی ،مذہبی ہم آہنگی،دہشتگردی کیخلاف مشتر کہ جدوجہد کا عزم

علما مشائخ کانفرنس:ملکی  یکجہتی ،مذہبی  ہم  آہنگی،دہشتگردی  کیخلاف  مشتر کہ  جدوجہد  کا  عزم

افواجِ پاکستان کو خراج تحسین ، علما کرام کا فتنہ خوارج کی سرکوبی کیلئے قومی اداروں کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان سرحدوں کی حفاظت فوج، نظریاتی دفاع علما کے سپرد، طلبہ امن و اتحاد کے فروغ کیلئے تیار، مفتی عبدالرحیم ودیگر کا خطاب

 اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ،اے پی پی) مذہبی قیادت نے پاک فوج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا، قومی علما و مشائخ کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے نامور علما کرام، مشائخ اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی ۔کانفرنس میں پاکستان کی موجودہ صورتحال، قومی اتحاد، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر زور دیا گیا ،کانفرنس میں علما و مشائخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک میں امن، اتحاد اور استحکام کیلئے ایک موثر قومی بیانیے کے ساتھ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔ کنونشن سینٹر میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ رشیدیہ کے سربراہ مفتی عبدالرحیم نے پاک فوج اور عسکری قیادت سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ملک جن نازک حالات سے گزر رہا ہے۔

اس میں سیاسی و عسکری قیادت کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ،پاکستانی افواج کو اﷲ تعالی ٰنے حرمین شریفین کے محافظ ہونے کا اعزاز بخشا ہے اور یہ شرف کسی اور فوج کو حاصل نہیں۔ مفتی عبدالرحیم نے مزید کہا کہ افواج پاکستان فتنہ خوارج کے خلاف اولین صف میں ہیں اور اس فتنہ کی سرکوبی کیلئے علما کرام کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت فوج کرتی ہے جبکہ نظریاتی سرحدیں علما کے سپرد ہیں ،مدارس کے لاکھوں طلبہ قومی وحدت اور امن کے پیغام کو عام کرنے کیلئے تیار ہیں۔شیعہ علما کونسل کے مرکزی جنرل سیکر ٹر ی علامہ شبیر حسن میثمی نے پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کا تصور دنیا میں پاکستان کیلئے عزت و سربلندی کا باعث ہے ۔جمعیت اہلحدیث کے رہنما علامہ ضیا اﷲ شاہ بخاری نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ،کسی نام نہاد سیاستدان کو فوج کے خلاف ہرگز بولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پیر حسان حسیب الر حمن نے کہا کہ علما کرام اسلام اور پاکستان کی سربلندی کیلئے ہر قدم پر ریاست اور افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پاسپورٹ عالمی سطح پر عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں