دھند کے دوران حادثات ، 10افراد جا ں بحق، 25 زخمی
سندھ میں کار سوار والدین اور ایک بیٹا چل بسا،واٹر ٹینکر نے لڑکے کو کچل دیا قصور میں رکشہ اور بس کا تصادم، ایک شخص نے دم توڑا،موٹروے عارضی بند
قصور،کراچی (نمائندہ دنیا،سٹاف رپورٹر،آئی این پی)شدید دھندکے باعث مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے دوران 10افراد جاں بحق ، 25 زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق دھند کی وجہ سے قصور کے نواح وڈانہ سٹاپ کے نزدیک بس نے آگے جانیوالے رکشہ کو ٹکر ماردی اور اسی اثنا میں عقب سے آنیوالی 2کاریں بس سے جا ٹکرا ئیں جس کی وجہ سے 40سالہ عبداﷲموقع پر جاں بحق جبکہ 20سالہ آدن ، 15سالہ رضوان ، 55سالہ عبدالعزیز اور 32سالہ ظہیر زخمی ہوگئے ۔ادھر کراچی میں کورنگی سو کوارٹرز کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے سائیکل سوار 12 سالہ فرحان،کراچی سپر ہائی وے پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب کار سڑک کنارے کھڑے ٹریلر سے ٹکرانے پر میاں ،بیوی اور ایک بیٹا دم توڑ گئے جبکہ ایک بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں سجاول کے علاقہ میں ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان،پنڈی شیخ روڈ پر موٹر سائیکل اور رکشہ میں ٹکر سے 2 افراد ،دنیا پور میں ٹرالر ٹول پلازہ سے ٹکرانے پرایک شخص اورصادق آباد قومی شاہراہ پر بس کھڑے کنٹینر سے ٹکرا نے پرایک شخص دم توڑ گیا ۔خیرپور میں ٹریفک حادثہ میں 12 افراد زخمی ہوگئے ،نوشہروفیروز میں ٹرالر الٹنے کے باعث 100 سے زائد بھیڑ اور بکریاں ہلاک ہوگئیں۔ دوسری جانب پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز عارضی طور پر بند کر دئیے گئے ہیں۔