ای سی سی نے فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کی منظوری دیدی
600میگاہرٹزسپیکٹرم کی آکشن ،انٹرنیٹ کی سپیڈ اور رسائی بڑھائینگے :وزیر آئی ٹی جلد فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف کرائینگے :شزا فاطمہ، اورنگزیب کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(نیوز رپورٹر،دنیا نیوز) ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے تحت ای سی سی نے فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کی منظوری دے دی۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات کوجلدکابینہ میں لے کر جائیں گے ،600میگاہرٹزسپیکٹرم کی آکشن کرنے جارہے ہیں ۔ انٹرنیٹ کی سپیڈ اور رسائی بڑھائیں گے ، ملک میں جلد فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی۔ وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے جب کہ حکومت اس سفر میں مزید تیزی لا رہی ہے ۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ سپیکٹرم کی نیلامی کے عمل میں تمام بین الاقوامی معیارات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا اور اسی بنیاد پر سپیکٹرم کی قیمت، ادائیگی کی شرائط اور نیلامی کے ڈیزائن کے حوالے سے سفارشات دی گئیں، ان سفارشات پر غور و خوض کیا گیا اور سب سے پہلے پاکستان کے نقطہ نظر سے ان کو آگے لے کر جایا گیا جس کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ان سفارشات کی منظوری دے دی ہے ۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہاپاکستان میں انٹرنیٹ سروسز عالمی معیار کے مطابق نہیں ہیں، اس کی بنیادی وجہ سپیکٹرم کی موجودگی نہ ہونا ہے ۔