9مئی :عمران اور بشریٰ کو ویڈیو لنک پر پیش ہونیکی ہدایت

9مئی :عمران اور بشریٰ کو ویڈیو لنک پر پیش ہونیکی ہدایت

ضمانت میں 27 جنوری تک توسیع ،عمران کی عدم دستیابی پر دلائل نہ ہو سکے شاہ محمودکی دو مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر 6 جنوری کو دلائل طلب

اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگارسے ، کورٹ رپورٹر )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی عدالت نے 9 مئی ودیگر 5 کیسزمیں بانی پی ٹی آئی عمران خان  اورانکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کو ذاتی یا ویڈیو لنک پر عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔گزشتہ روز ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے شمسہ کیانی ایڈووکیٹ پیش ہوئیں، بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت کی درخواستوں پر دلائل نہ ہوسکے ، عدالت نے عبوری ضمانت میں توسیع کر دی ۔عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 27 جنوری تک ملتوی کردی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چودھری عامر ضیا کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔گزشتہ روز ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 27 جنوری تک ملتوی کردی۔بشریٰ بی بی کیخلاف پاپو ایکٹ و دیگر دفعات کے تحت تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے ۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے شاہ محمود قریشی کی نو مئی کے دو مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر 6 جنوری کو دلائل طلب کر لئے ، پولیس نے ریکارڈ عدالت کے روبرو پیش کردیا، کوئی پراسیکیوٹر عدالت میں پیش نہ ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں