5ماہ میں حکومت نے858ارب قرض لیا،گزشتہ سال سے 117ارب زیادہ
جولائی 198ارب ،اگست 192ارب،ستمبر 124ارب، اکتوبر 133ارب، نومبر میں 144ارب قرض لیاگیا گزشتہ مالی سال 741ارب قرض لیا گیا ،جنوری میں چینی مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری ہونگے :اقتصادی امور ڈویژن
اسلام آباد (مدثر علی رانا) حکومت نے رواں مالی سال 2025-26کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران 858ارب روپے قرض لیا جو گزشتہ مالی سال اسی عرصے کے دوران 741ارب روپے تھا۔ اس طرح جولائی تا نومبر 2025میں قرض گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 117ارب روپے زائد رہا یعنی تقریبا 15 فیصد اضافے کے ساتھ قرض حاصل کیا گیا۔ رواں مالی سال کے لیے مجموعی طور پر 5 ہزار 777 ارب روپے قرض لینے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق جولائی میں 198 ارب روپے ، اگست میں 192 ارب روپے ، ستمبر میں 124 ارب روپے ، اکتوبر میں 133 ارب روپے اور نومبر میں 144 ارب روپے قرض حاصل کیا گیا۔ نومبر میں 51 کروڑ 15 لاکھ ڈالر بیرونی قرض لیا گیا جس میں 31 کروڑ 45 لاکھ ڈالر باہمی اور کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت اور 19 کروڑ 69 لاکھ ڈالر نئے پاکستان سرٹیفکیٹس کے اجرا کے ذریعے شامل ہیں۔ اکتوبر میں سعودی آئل فسیلٹی کے تحت 10 کروڑ ڈالر موصول ہوئے جبکہ رواں مالی سال سعودی آئل فسیلٹی کے تحت مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر موصول ہوں گے جن میں سے 50 کروڑ ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق جولائی تا نومبر 2025 کے دوران 5 کروڑ 41 لاکھ ڈالر کی گرانٹس موصول ہوئی ہیں۔ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال 19 ارب 92 کروڑ ڈالر سے زائد بیرونی فنڈنگ کا تخمینہ لگایا ہے جس میں سعودی عرب اور چین سے 9 ارب ڈالر کے سیف ڈیپازٹ رول اوور شامل ہیں۔ سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر پہلے ہی رول اوور ہو چکے ہیں۔آئی ایم ایف قرض پروگرام کے تحت بھی رواں مالی سال مجموعی طور پر 25 ارب ڈالر سے زائد قرض حاصل کرنے کا تخمینہ ہے ، جس میں دوست ممالک سے 12 ارب ڈالر رول اوور اور آئی ایم ایف قسط پلان کے تحت 2 ارب ڈالر شامل ہیں۔ آئی ایم ایف آر ایس ایف پروگرام کے تحت بھی تقریباً 40 کروڑ ڈالر کی دو اقساط موصول ہوں گی۔پراجیکٹ فنانسنگ کے تحت عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر مالیاتی اداروں کے ذریعے قرض حاصل کیا جائے گا۔ جنوری میں چینی مارکیٹ میں 25 کروڑ ڈالر کے پانڈا بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ ہے ۔ رواں مالی سال ایشیائی ترقیاتی بینک سے 1 ارب 92 کروڑ 40 لاکھ ڈالر، عالمی بینک گروپ سے 1 ارب 66 کروڑ 39 لاکھ ڈالر، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک سے 86 کروڑ ڈالر موصول ہوں گے جس میں سے 70 کروڑ ڈالر شارٹ ٹرم کے لیے ہوں گے ۔ رواں مالی سال پراجیکٹ فنانسنگ کی مد میں باہمی اور کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت مجموعی طور پر 6 ارب 40 کروڑ ڈالر قرض حاصل کیا جائے گا۔