ڈیرہ مراد جمالی :جعفرایکسپریس گزرنے سے قبل دھماکا ، ٹریک تباہ
دھماکے سے تھوڑی دور نصب دوسرا 10کلو وزنی دھماکا خیزمواد ناکارہ بنا دیا گیا ٹرین سروس معطل ،ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ دھماکے میں 3بکریاں ہلاک
ڈیرہ مراد جمالی(نامہ نگار )ڈیرہ مراد جمالی کے قریب ریلوے ٹریک پر نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا جبکہ دوسرے بم کو ناکارہ بنادیاگیا۔منگل کو ڈیرہ مراد جمالی کے قریب نوتال ریلوے ٹریک پر نامعلوم افراد نے بم نصب کر رکھا تھا جو زورداردھماکے سے پھٹ گیا جس سے ریلوے ٹریک کا 3سے 4فٹ حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ پولیس نے دھماکے سے تھوڑی دور نصب دوسرا 10کلو گرام وزنی دھماکا خیزمواد ناکارہ بناکر قبضے میں لے لیا۔پولیس نے بتایا کہ دھماکا اس وقت ہوا جب پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفرایکسپریس وہاں سے کچھ دیر بعدگزرنے والی تھی۔ دھماکے کے بعد جعفرایکسپریس کو ڈیرہ مرادجمالی ریلوے سٹیشن روک دیا گیا۔ریلوے حکام کے مطابق ٹریک تباہ ہونے سے بلوچستان اوردیگر صوبوں کے درمیان ٹرین سروس معطل ہوگئی ۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، بم ڈسپوزل کا عملہ اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لیکرسرچ آپریشن شروع کردیا گیا ۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں بارودی سرنگ دھماکے میں 3بکریاں ہلاک ہوگئیں ۔