عمران کے حقِ اپیل میں مبینہ رکاوٹیں انتقام :پی ٹی آئی
وکیل کو گھنٹوں انتظار ،وکالت نامے کے عمل سے انکار کیا جا رہا وکیل تک بلا رکاوٹ رسائی ،قانونی حق میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں:ترجمان
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری ٰبی بی کے حقِ اپیل میں مبینہ دانستہ رکاوٹوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان اقدامات کو کھلا سیاسی انتقام اور انصاف کی راہ میں جان بوجھ کر کھڑی کی گئی رکاوٹ قرار دیا ہے ۔پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشری ٰبی بی کو ان کے وکیل تک رسائی سے دانستہ طور پر روکا جا رہا ہے تاکہ وہ توشہ خانہ ٹو کیس میں دی گئی سزا کے خلاف اپیل کے لیے وکالت نامے پر دستخط نہ کر سکیں۔
بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ وکیل کو گھنٹوں انتظار کروایا جاتا ہے ، ملاقات کے شیڈول اور لیگل ڈیسک کو بند کر دیا جاتا ہے جبکہ وکالت نامے کے عمل سے انکار کیا جا رہا ہے ، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ سب کچھ منصوبہ بندی کے تحت کیا جا رہا ہے ۔ تحریک انصاف نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب جیل قواعد کے تحت ہر قیدی کو اپنے وکیل سے قانونی ملاقات، وکالت نامے اور دیگر قانونی دستاویزات پر دستخط اور سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کا مکمل حق حاصل ہے ۔ پارٹی کے مطابق جیل حکام قیدی اور اس کے وکیل کے درمیان قانونی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے کے مجاز نہیں۔پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عمران خان کو اپنے وکیل تک مکمل اور بلا رکاوٹ رسائی دی جائے ، وکالت نامے پر دستخط کی اجازت دی جائے اور اپیل کے آئینی و قانونی حق میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں۔