ڈار کا سعودی، ازبک ہم منصبوں سے رابطہ ، نئے سال کی مبارکباد
نائب وزیراعظم کا آئندہ ہفتے دورہ چین متوقع ، اہم مذاکرات ہونگے :ذرائع
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں )نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور نئے سال کی مبارک باد دی جس پر شہزادہ فیصل بن فرحان نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان سعودی عرب دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔سعودی وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے منگل کو ٹیلیفون کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ازبک وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے نئے سال کی آمد کے موقع پر نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کومبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ دریں اثنا اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے ملاقات کی ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عاصم افتخار نے وزیر خارجہ کو پاکستان مشن کی سرگرمیوں پر بریفنگ دی ،ذرائع کے مطابق نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار کا دورہ چین آئندہ ہفتے متوقع ہے ،دورے میں پاکستان اور چین کے درمیان اہم مذاکرات ہوں گے ، جس میں دونوں ممالک کے سٹر ٹیجک تعلقات کاجائزہ لیا جائے گا ۔