جڑواں شہروں میں بونداباندی، پہاڑوں پربرفباری جاری

جڑواں شہروں میں بونداباندی، پہاڑوں پربرفباری جاری

ایبٹ آباد میں بھی بارش، میدانی علاقوں میں شدیددھند، ٹرینیں تاخیر کا شکار

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور ، پشاور (اپنے رپورٹر سے ، نیوز رپورٹر، اپنے کامرس رپورٹر سے ، این این آئی) جڑواں شہروں میں رات گئے بونداباندی،میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹرین شیڈول بری طرح متاثر ہوگیا، مختلف شہروں سے آنے والی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں ، گلگت بلتستان میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی بڑھ گئی۔ دھند کے باعث کراچی سے لاہور ملت ایکسپریس 6 گھنٹے 30 منٹ لیٹ ہوئی ۔ قراقرم ایکسپریس 3 گھنٹے 50 منٹ ،علامہ اقبال ایکسپریس 3 گھنٹے 30 منٹ، تیز گام ایکسپریس 3 گھنٹے 10 منٹ، پاک بزنس ایکسپریس 3 گھنٹے ،کراچی ایکسپریس 2 گھنٹے 50 منٹ ،رحمن بابا ایکسپریس 2 گھنٹے 45 منٹ، عوام ایکسپریس 2 گھنٹے 40 منٹ ،شالیمار ایکسپریس 2 گھنٹے 35 منٹ، پاکستان ایکسپریس 2 گھنٹے 30 منٹ ،خیبر میل ایکسپریس 2 گھنٹے 10 منٹ ،گرین لائن ایکسپریس 1 گھنٹہ 40 منٹ لیٹ ہوئی جس سے مسافر وں کو پریشانی کا سامنا کرناپڑا ۔

ادھر گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں سوموار کی رات سے برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ، جس سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔ خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا اور دیر لوئر کے شہری علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر پھر برفباری ہوئی جس پر لوگوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کرلیا۔ چترال کی وادی کالاش، مڈک لشٹ اور گرم چشمہ ایریا، اپر چترال کے یارخون، بروغل ، شندور کے بالائی مقامات پر بھی برفباری ہوئی۔جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر کے پہاڑوں سمیت برمل، شکئی، لدھا، سام، مکین، شوال اور پیرغر میں بھی برفباری ہوئی۔ مہمند، خیبر، باجوڑ، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری رہنے کا امکان ہے ۔ سب سے زیادہ بارش تربت 11ملی میٹر، چترال 9، دیر اپر میں 7ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفبار ی کی توقع ہے ۔ ادھر ضلع مری کی انتظامیہ نے مری، گلیات اور گردونواح کے سیاحوں کیلئے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں