ڈیجیٹل دہشتگردی:عادل راجہ ،صابر شاکر،شاہین صہبائی سمیت7افراد کو2،2بار عمر قید

ڈیجیٹل دہشتگردی:عادل راجہ ،صابر شاکر،شاہین صہبائی سمیت7افراد کو2،2بار عمر قید

معید پیرزادہ، حیدر رضا مہدی، وجاہت سعید اور سید اکبر حسین بھی 9مئی کے تناظر میں سزا پانے والوں میں شامل ملک کیخلاف اکسانے ، مجرمانہ سازش کے علاوہ دیگر دفعات کے تحت بھی سزائیں، فی کس مجموعی سزا 35سال،20لاکھ جرمانہ

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،مانیٹرنگ ڈیسک)انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے 9 مئی کو ریاستی اداروں کیخلاف ڈیجیٹل دہشتگردی پر درج مقدمات میں سابق فوجی افسر وں اور یوٹیوبر عادل راجہ، سید اکبر حسین، صحافی شاہین صہبائی،وجاہت سعیدخان،صابر شاکر،اینکرپرسن معید پیرزادہ اور حیدر رضا مہدی کو 2،2 بار عمرقید اوردیگر دفعات میں مجموعی طور پر 35 سال قید کی سزا سنادی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے راجہ نوید حسین کیانی جبکہ ملزموں کی جانب سے گلفام اشرف گورائیہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ،دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعد ازاں عمر قید اور قید کی سزا کا حکم سنادیا،دو بار عمر قید کے علاوہ انفرادی طور پر مجرم کو 35 سال سزا جبکہ 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنا ئی گئی،ملک کے خلاف اکسانے اور مجرمانہ سازش کی دفعات کے تحت دو دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی،جبکہ دفعہ 121 اے کے تحت ملزموں کو 10 سال قید، سرکاری ملازمین کے خلاف اکسانے کی دفعہ کے تحت 10 سال قید،نفرت انگیز مواد کی تشہیر کی دفعہ کے تحت 5 سال قید،جرم میں معاونت کی دفعہ کے تحت 5 سال قید،انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے سیکشن 7 آئی کے تحت5 سال قید کی سزا سنائی گئی،عدالت نے مجرموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو ملزموں کو گرفتارکرکے جیل حکام کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا،تمام مجرم اس وقت عدالتی اشتہاری ہیں۔پراسیکیوشن کی جانب سے مجموعی طور پر 24 گواہان کو عدالت پیش کیا گیا۔تھانہ رمنا کے مقدمہ میں عادل راجہ،شاہین صہبائی، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو سزا سنائی گئی،تھانہ آبپارہ کے مقدمہ میں صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کو عمر قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر ملزموں کی غیرموجودگی میں ٹرائل مکمل کیا،انسداددہشتگردی قوانین کے مطابق ملزموں کی عدم موجودگی میں ٹرائل کیا جاسکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں