خیبرپختونخوا میں دوسرے روز بھی نئے گیس ذخائر دریافت

خیبرپختونخوا میں دوسرے روز بھی نئے گیس ذخائر دریافت

کوہاٹ میں ٹال بلاک سے 1اعشاریہ 58ایم ایم ایس سی ایف ڈی ذخائر ملے مستقبل میں بھی یہاں مزید ذخائر دریافت ہونے کے امکانات ہیں:پی پی ایل

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا میں مسلسل دوسرے روز بھی گیس کے نئے ذخائر دریافت کرلئے گئے ، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو  اس حوالے سے آگاہ کردیا۔ ایک روز قبل (جمعرات کو)خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس  کے ذخائر دریافت ہوئے تھے جس پر وزیراعظم نے قوم کو مبارکباد پیش کی تھی، گزشتہ روز (جمعہ کو)ایک اور ذخیرہ نکل آیا، جبکہ چند روز میں مزید ذخائر نکلنے کا بھی امکان ہے ۔گزشتہ روز کی پیشرفت کے مطابق پی پی ایل کے سٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط کے مطابق کوہاٹ میں واقع ٹال بلاک سے 1اعشاریہ 58ایم ایم ایس سی ایف ڈی یومیہ گیس ذخائر دریافت ہوئے ،ٹال بلاک میں 10 اگست 2025کو 4ہزار11میٹر گہرے کنویں کی کھدائی شروع کی گئی۔خط میں بتایا گیا کہ کنویں سے حاصل گیس کا بہاؤ 40/64 انچ اور ویل ہیڈ پریشر 164فی مربع انچ ہے ، لمشیوال فارمیشن سے ہائیڈروکاربن ذخائر کا حصول کامیاب ٹیسٹنگ کے بعد مکمل ہوا۔پی پی ایل نے مزید کہا ہے کہ مستقبل میں بھی ٹال بلاک سے گیس و تیل کے مزید ذخائر دریافت ہونے کے امکانات ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں