چینی کی پرچون قیمت 150روپے کلو سے بھی کم ہو سکتی:صدر شوگرڈیلرز
جڑانوالہ (آ ن لائن)پنجاب کی شوگر ملز نے رواں کرشنگ سیزن کے ابتدائی 45 دنوں میں 13 لاکھ 60 ہزار میٹرک ٹن چینی تیار کی ہے ،جبکہ صوبہ بھر میں کام کرنیوالی 41 شوگر ملز نے 31 دسمبر 2025 تک مجموعی طور پر 1 کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار میٹرک ٹن گنا کرش کیا۔
ویلتھ پاکستان کو موصول محکمہ کین کمشنر پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق کرشنگ کے ابتدائی 45 دنوں کے دوران ریکوری کی اوسط شرح 9اعشاریہ 43 فیصد رہی جو گزشتہ سال اسی مدت میں 9اعشاریہ 1 فیصد تھی۔ریکوری میں یہ اضافہ بہتر معیار کے گنے اور ملز کی کارکردگی میں بہتری کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے ۔پنجاب کے کین کمشنر امجد حفیظ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بہتر نتائج کی بڑی وجہ قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور نگرانی کا نظام ہے ،سخت نگرانی اور بہتر انتظامات کے باعث اس سال کرشنگ کا عمل زیادہ منظم رہا ہے ۔پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے سابق مرکزی چیئرمین جاوید کیانی نے کہا کہ موجودہ مرحلہ شوگر ملز کیلئے فروخت کا اہم دور ہے ، اس سے کسانوں اور مل مالکان دونوں کو فائدہ ہوگا، پنجاب میں چینی کی ایکس مل قیمت کم ہو کر 139 روپے فی کلو تک آ گئی ہے جبکہ سندھ میں یہ 134 روپے فی کلو ہے ، اور آئندہ دنوں میں مزید کمی کا امکان ہے ۔لاہور شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد امجد کے مطابق اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو خوردہ سطح پر چینی کی قیمت 150 روپے فی کلو سے بھی کم ہو سکتی ہے ۔