سہیل آفریدی ہمارے مہمان، بھرپور سپورٹ کرینگے ،ناصر شاہ
وزیراعلیٰ رولز کی خلا ف ورزی نہ کریں،کسی سے بھی ملاقات پر اعتراض نہیں بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتیں ہونی چاہئیں،صوبائی وزیر، انٹرویو
کراچی (آئی این پی ) سینئر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی ہمارے مہمان ہونگے ، سندھ میں جہاں بھی جانا چاہیں انہیں سپورٹ کرینگے ۔ا یک انٹرویو میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پارٹی کی ہدایت ہے مہمان کا بھرپور استقبال کیا جائے ، سہیل آفریدی ہمارے مہمان ہونگے ، بھرپور پروٹوکول دینگے ، سہیل آفریدی جس سے ملاقات کریں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ناصر شاہ نے کہا کہ سہیل آفریدی سندھ میں جہاں بھی جانا چاہیں سپورٹ کرینگے ، ہم نے صرف درخواست کی ہے کہ رولزکی خلاف ورزی نہ کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پی ٹی آئی کے ٹرین مارچ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی تھی، پی ٹی آئی نے پرامن سیاسی جدوجہد کی تو 8 فروری کو کچھ نہیں کیا جائیگا، پی ٹی آئی کے بہت سے لوگوں کے پاس اختیارات نہیں۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے وی لاگرزعجیب بیانیہ بناکر پیش کرتے ہیں، ن لیگ نے سندھ میں ہمارے خلاف اتحاد کیا۔سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی پی حکومت سازی میں کردار ادا نہ کرتی تو بحران پیدا ہوتا، دوبارہ الیکشن ہوتے ، پاکستان آج بہترسمت میں جارہا ہے ، بین الاقوامی تعلقات بہتر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی پی کردار ادا کرنے کو تیار ہے ، پی ٹی آئی کو بھی سنجیدہ ہونا پڑیگا، بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماؤ ں کی ملاقاتیں ہونی چاہئیں، حیدرآباد میں پی ٹی آئی کے امیدوار دوسرے نمبر پر بھی نہیں تھے ۔