میوچل فنڈز کی سرمایہ کاری دس برس بعد بلند سطح پر
کراچی (بزنس رپورٹر) اسٹاک ایکسچینج میں میوچل فنڈز کی سرمایہ کاری دس برس کی بعد بلند سطح پر پہنچ گئی ہے جسے ماہرین حالیہ عرصے میں 100 انڈیکس کی ریکارڈ تیزی کی ایک بڑی وجہ قرار دے رہے ہیں ۔
نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کی رپورٹ کے مطابق میوچل فنڈز نے مارکیٹ میں بھرپور خریداری کرتے ہوئے نمایاں نیٹ سرمایہ کاری کی ہے ۔ میوچل فنڈز کی نیٹ خریداری 29 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہی ۔این سی سی پی ایل کے جاری کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حجم 2016 کے بعد 2025 میں میوچل فنڈز کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے جو اسٹاک مارکیٹ میں ادارہ جاتی اعتماد کی مضبوط علامت سمجھی جا رہی ہے ۔میوچل فنڈز نے اس عرصے کے دوران بینک ڈپازٹس اور بانڈز جیسے نسبتاً محفوظ سرمایہ کاری کے ذرائع سے نکل کر ایکوٹی مارکیٹ کا رخ کیا ۔ماہرین کے مطابق کم شرح سود کے ماحول میں فکسڈ انکم آلات سے حاصل ہونے والا منافع محدود ہونے کے باعث میوچل فنڈز نے بہتر ریٹرن کے حصول کیلئے شیئرزبازار میں سرمایہ کاری بڑھائی ہے ۔