پختونخوا عوام نے سچ،جھوٹ میں فرق کرناشروع کردیا:امیرمقام
بٹہ خیلہ میں ہزاروں افراد کا نکلنا اس تبدیلی پر عوامی مہر ثبت ہونے کے مترادف ہے صوبائی حکومت نے 13سال میں عوام کوتعلیم و صحت کے شعبوں میں کچھ نہ دیا
بٹ خیلہ (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بڑی مثبت تبدیلی نظر آ رہی ہے ، عوام نے سچ اور جھوٹ، وفاداری اور بے وفائی میں فرق کرنا شروع کر دیا ہے ، خیبر پختونخوا کی حکومت نے 13 سالہ دور میں عوام کو تعلیم، صحت، روزگار اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں کچھ نہیں دیا، سال 2025 میں پاکستان نے کامیابیاں حاصل کی، بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو طوطہ کان، بٹ خیلہ مالاکنڈ میں نادرا سینٹر کے افتتاح کے موقع پر بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سیاست بعد میں، لیکن پاکستان سب سے پہلے ہے ، چار جنوری کو بٹ خیلہ کے علاقے طوطہ کان میں ہزاروں افراد کا جوش و خروش کے ساتھ نکلنا اس تبدیلی پر عوامی مہر ثبت ہونے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کا وزیرِاعلیٰ لاہور کی گلیوں میں گھومنے کے بجائے اپنے صوبے میں تعلیم، صحت اور کسانوں کیلئے عملی اقدامات کرے ۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں میں ادویات ناپید ہیں، یونیورسٹیوں میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں۔انجینئر امیر مقام نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مسلم لیگ (ن) کو ایک موقع دیں، اگر ایک سال بھی موقع ملا تو عوام خود دیکھ لیں گے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ترقی کیسے ہوتی ہے ۔