اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب پروگرام شروع، مذہبی منافرت روکنا علما کی ذمہ داری : مریم نواز

اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب پروگرام شروع، مذہبی منافرت روکنا علما کی ذمہ داری : مریم نواز

حکومتی امور میں بہتری کیلئے آئمہ کرام کی معاونت اور مشاورت کی ضرورت،آپ حکومت کی آواز کو لوگوں تک پہنچائیں:خطاب پنجاب بھر میں سٹروک سنٹرز کی منظوری ،ٹھوکر نیاز بیگ میں سرکاری عمارتوں کی بیوٹیفکیشن کا کام ایل ڈی اے کے حوالے

لاہور (سٹاف رپورٹر سے ،دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کا پہلا اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب لانچ کردیا،ان کا کہناتھاکہ آئمہ کرام معاشرے کے ستون اور دین کے اعلمبردار ہیں،آئمہ کرام کے لئے اعزازیہ کی خدمت کا موقع ملنے کو اپنا اعزاز سمجھتی ہوں،حکومتی امور میں بہتری کے لئے آئمہ کرام کی معاونت اور مشاورت کی ضرورت ہے ،معاشرے کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے مذہبی منافرت اورتقسیم روکنا علماء کی ذمہ داری ہے ۔مریم نواز نے اعزازیہ کارڈ برائے امام صاحب پراجیکٹ لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئمہ کرام قابل احترام ہیں، کوئی مسئلہ ہوتو ان کی طرف دیکھا جاتا ہے کہا جاتا امام مسجد سے فیصلہ کرالیں۔ علماء کرام دین کا روشن چہرہ ہیں، صدا لگا کر خرچ اکٹھا کرنا افسوسناک ہے۔

تھوڑی سی رقم سے اگر آئمہ کرام کے لئے آسودگی پیدا ہوسکتی ہے تو اس سے بڑھ کر کیا خوشی ہوگی، 25ہزار زیادہ نہیں،میڈیا کی وساطت سے مساجد انتظامیہ کو ریگولر معاونت جاری رکھنے کی اپیل کرتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ آئمہ کرام حکمرانوں اور عوام کی تربیت کرتے ہیں، حکومت اور آئمہ کا قریبی رابطہ ہونا چا ہئے ۔ آئمہ کرام کو بیماری، بچوں کی فیس یا کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو حکومت حاضر ہے ۔ نماز پڑھنے والے امام کی بات سنتے ہیں، آپ حکومت کی آواز کو لوگوں تک پہنچائیں۔ امن و آشتی کے فروغ کے لئے حکومتی آواز کو آئمہ کرام کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ضروری ہے ،دوسرے مذاہب کے لوگ بھی کسی خوف میں نہ رہیں، اسلامی تعلیمات یہ ہیں کہ ہرا قلیت بے خوف ہوکر اپنی زندگی گزار سکیں۔ وزیراعلیٰ کا کہناتھاکہ بعض لوگ مذہب کے نام پر فتنہ کو فروغ دیتے ر ہے ،بے رحمی سے معاشرے کو تار تار کیا گیا،پولیس اوررینجر ز کے جوانوں کو شہیدکیاگیا اورمارا پیٹا گیا،املاک کو تباہ کیاگیا،روزگار بند ہوئے ،گھروں کو ویران کیا گیا اوروہ خود کو مذہبی جماعت کہتے ہیں۔

ادب سے گزارش کرتی ہوں کہ فتنہ،ظلم اورزیادتی کسی بھی رنگ و نسل سے ہو برداشت نہیں، ریاست اپنے شہدا ء کے خون کا حساب لے گی،ریاست کبھی ملک کی سلامتی کیساتھ کھلواڑ کی اجازت نہیں دے گی۔ حکومت ہر جگہ نہیں پہنچ سکتی،لیکن امام مسجد کی آواز ہر جگہ پہنچتی ہے ،ہمیں اپنے معاشرے کو قابل تقلید معاشرہ بنانا چاہیے ۔ناحق قبضے ،ماں باپ کی تکریم،حلال حرام کی تفریق کے بارے میں بتانا ضروری ہے ،ایک ایسا معاشرہ بنانا چاہتے ہیں جس پر سب کو فخر ہو۔ دوسری طرف مریم نواز نے صوبے بھر میں سٹروک سنٹرز قائم کرنے کی منظوری دے دی۔سٹروک،فالج مینجمنٹ پروگرام سے پنجاب کے کسی بھی ضلع میں فالج اٹیک کا بروقت علاج ممکن ہوگا، پنجاب کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں فالج کے علاج کے لئے مرحلہ وار سٹروک سنٹر بنیں گے ۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سٹروک مینجمنٹ پروگرام کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ہرسرکاری ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین مکمل طور پرفنکشنل کرنے کی ہدایت کی اورعوام کو سٹروک،فالج کی علامات سے آگاہ کرنے کے لئے موثر آگاہی مہم چلانے کا حکم دیا۔ بعدازاں مریم نواز کے اچانک دورے کے دوران ٹھوکر نیاز بیگ کے اطراف واقع سرکاری املاک کی خراب اور خستہ حالت سامنے آ گئی، جس پر وزیر اعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ سرکاری دفاتر کے باہر ٹوٹی ہوئی فینسنگ، شکستہ فٹ پاتھ، خراب واک ویز اور اکھڑی ہوئی ٹف ٹائلز نے بیوٹیفکیشن کے دعوؤں پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو فوری طور پر ٹھوکر نیاز بیگ کے اطراف بیوٹیفکیشن آف لاہور منصوبے کے تحت بہتری کا ٹاسک سونپ دیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں