موثر خارجہ پالیسی، پاکستان کا عالمی سطح پر سفارتی اثر بڑھنے لگا:عالمی جریدہ
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان کی متوازن، حقیقت پسندانہ اور مؤثر خارجہ پالیسی کے مثبت نتائج اب عالمی سطح پر واضح ہونا شروع ہو گئے ۔
امریکا اور چین کے ساتھ متوازن تعلقات نے پاکستان کی سفارتی ساکھ مستحکم کی۔چین کی مسلسل حمایت، کشمیر مؤقف اور عالمی کردار نے پاکستان کا وقار بڑھایا ۔ حکومت، ریاستی اداروں اور عوام کا قومی معاملات، بالخصوص دہشت گردی کے خلاف یکساں، دوٹوک اور غیر مبہم مؤقف دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے جسے پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے ۔عالمی جریدے دی ڈپلومیٹ کے مطابق مؤثر سفارت کاری کے باعث پاکستان خطے میں نمایاں حیثیت اختیار کر چکا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ تعمیری تعلقات اور چین کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری کو متوازن انداز میں آگے بڑھا کر ایک ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔دی ڈپلومیٹ کے مطابق پاکستان کے دیرینہ دوست چین نے خطے میں پاکستان کے مؤثر کردار اور سفارتی کامیابیوں کو سراہا ہے ۔ جریدے کے مطابق چین، پاکستان کو ایک ایسا ملک تصور کرتا ہے جو معاشی استحکام کے ساتھ عالمی سطح پر بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے ۔