ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، قصور:مبینہ مقابلے ،3ڈاکو ہلاک

 ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، قصور:مبینہ مقابلے ،3ڈاکو ہلاک

اڈا کٹور والا کے قریب ملزم علی حیات ،دولے والا بائی پاس پر اشتیاق مارا گیا ملکہ ہانس میں نبیل ہلاک، گوگیرہ میں زخمی عاشق،ہڑپہ میں رمضان قابو آیا

ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، قصور(نامہ نگار ، خبرنگاران)ساہیوال، پاکپتن،اوکاڑہ اور قصور میں 5مبینہ پولیس مقابلو ں میں 3ڈاکوہلاک، 2کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پہلے واقعہ میں اڈا کٹور والا 84/5-Lراجباہ کے قریب شہریوں سے لوٹ مارکرنیوالے ڈاکوئوں نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی۔جوابی فائرنگ رکنے کے بعد پولیس کو ایک ڈاکو مردہ حالت میں ملا، اسکے دو ساتھی فرار ہو گئے ۔ہلاک ڈاکو کی شناخت لاہور کے رہائشی علی حیات کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مار اگیا ۔دوسرے واقعہ میں ساہیوال کے تھانہ ہڑپہ کی حدود میں چک 2/10-L کے قریب3ڈاکو ایک شہری سے موٹر سائیکل و نقدی چھین کر فرار ہوئے ، اطلاع پر تھانہ ہڑپہ پولیس نے ناکہ بندی کی اورچک100/WMراجیاں والا کے قریب فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا، جس میں ایک ڈاکو زخمی ہو ا جبکہ2 ملزم فرار ہو گئے ۔پولیس کے مطابق زخمی ڈاکو کی شناخت رمضان کے نام سے ہوئی ہے جو چوری و ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے ۔تیسرا واقعہ پاکپتن کے تھانہ ملکہ ہانس کی حدود میں ہوا، جہاں پولیس نے دوران گشت 3 موٹر سائیکل سوار ملزموں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی ۔ جوابی فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر 1 ملزم زخمی حالت میں پڑا ملا جو بعد میں دم توڑ گیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت نبیل عرف نبیلی کے نام سے ہوئی جوڈکیتی کے 45 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا ، اسکے دیگر دو ساتھی فرار ہوگئے ۔ چوتھا واقعہ اوکاڑہ کے تھانہ گوگیرہ کے علاقہ فتح پورمیں رات گئے ہوا جہاں شہری سے موٹر سائیکل اور نقدی چھیننے کی اطلاع پر پولیس نے ڈاکوئوں کا تعاقب کیا تو فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں بین الاضلاعی ڈاکو عاشق علی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں أٓکر زخمی حالت میں گرفتار ہوگیاجو ڈکیتی اور رہزنی جیسے 12 سنگین جرائم میں ملوث نکلا،اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ملزم کے دو ساتھی فرار ہوگئے ۔ قصور کے نواحی علاقہ دولے والا بائی پاس پر سی سی ڈی پولیس نے تین مشکوک موٹرسائیکل سوار مسلح افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ رکنے کے بعد تلاشی لی تو ایک ڈاکو زخمی حالت میں ملا جس نے اپنا نام اشتیاق عرف دانا ولد طفیل حویلی لکھا کا رہائشی بتایا،اسے ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور شفٹ کیاگیاجہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں