کے فور کی جزوی تکمیل پر تشویش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا، جس میں آبپاشی کے نظام اور زرعی ترقی کو صوبے کی معیشت کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
انہوں نے کے فور منصوبے کی جزوی تکمیل پر تشویش کا اظہار کیا، اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام کلیدی منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے ، وزیراعلیٰ سندھ نے پانی اور زراعت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے جامع حکمتِ عملی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آبپاشی کا مضبوط نظام سندھ کی زرعی کامیابی کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غذائی خودکفالت کے حصول اور برآمدات میں اضافے کے لیے آبپاشی کے انفرا اسٹرکچر کو جدید اور موسمیاتی چیلنجز کے مقابلے کے قابل بنانا ناگزیر ہے۔ صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے وزیراعلیٰ سندھ کو سکھر بیراج پر جاری اور آئندہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، جس میں نہری بندش کے دوران بیراج کے 27 دروازوں کی تبدیلی کا اہم منصوبہ شامل ہے۔