گریٹر افغانستان کا ایجنڈا پاکستان کیخلاف بڑی سازش : مفتی عبدالرحیم
پختونخوا حکومت اور طالبان کے درمیان روابط ہیں :مہتمم جامعہ رشید ٹرسٹ افغان طالبان کو برسراقتدار لانے میں ہمارا کردار بہت بڑی غلطی تھی:گفتگو
لاہور (نامہ نگار خصوصی)جامعہ رشید ٹرسٹ کے مہتمم مفتی عبدالرحیم نے کہا ہے کہ گریٹر افغانستان کا ایجنڈا پاکستان کی بقا و سلامتی کے خلاف ایک خطرناک اور منظم سازش ہے ، جس کا فوری اور متحد ہو کر مقابلہ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے ،افغانستان کی سرزمین آج پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے استعمال ہو رہی ہے ، جہاں افغان طالبان، ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں ایک ہی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت دہشت گردوں کا اوپن ٹارگٹ ہے اور صوبائی حکومت اور طالبان کے درمیان روابط بھی موجود ہیں، جس سے صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔
مفتی عبدالرحیم نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم کو اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اپنی سکیورٹی فورسز کے پیچھے کھڑا ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کو برسراقتدار لانے میں پاکستان کا کردار ایک بڑی سٹریٹجک غلطی تھا، کیونکہ یہ بھی ماضی کی افغان حکومتوں کی طرح پاکستان دشمن پالیسیوں پر گامزن ہیں۔ گریٹر افغانستان کے نقشوں میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو شامل کرنا براہِ راست پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے ۔مفتی عبدالرحیم نے کہا کہ بھارت کی شکست کے بعد دشمن عناصر افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف نئی سازشیں کر رہے ہیں، تاہم فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج ان سازشوں کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ۔