افسرشاہی گٹھ جوڑ توڑ کر ملک کوعظیم بنانا ہوگا:حافظ نعیم
ٹرمپ نعوذ باللہ خدا کے لہجے میں بات کررہا ، نئی نسل ہی اسے چیلنج کرسکتی ہے زی کنیکٹ پروگرام نوجوانوں کی تربیت کا تاریخی اقدام ہے :اجتماع سے خطاب
لاہور (سیاسی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ٹرمپ نعوذ باللہ خدا کے لہجے میں بات کررہا ہے ، دنیا میں رائج طاغوتی اور استعماری نظام کو صرف اور صرف نوجوان نسل ہی چیلنج کرسکتی ہے ، سوشل میڈیا کی طاقت استعمال کرتے ہوئے نوجوان طبقہ ظلم کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے ، آواز نہیں سنی جاتی تو منظم ہوکر فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کی جائے ، پاکستان میں افسرشاہی اور وڈیروں کا گٹھ جوڑ توڑ کر ملک کو عظیم بنانا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں نوجوانوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، امیر لاہور ضیا الدین انصاری اور نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن مشتاق مانگٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دنیا میں رائج موجودہ جمہوری نظام دھوکہ ہے ، بھارت میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور اقلیتوں پر مظالم عالمی طاقتوں کو نظر نہیں آتے ، غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی امریکا و مغرب سرپرستی کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ وہ جہاں چاہے گا حملہ کرے گا ، امریکا و مغرب ٹیکنالوجی کو طاقت برقرار رکھنے کے لیے استعمال کررہے ہیں، ملٹی نیشنل کمپنیاں انسانیت کا استحصال کررہی ہیں ، پاکستان میں انگریز کے وفاداروں کا تسلط قائم ہے ۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دنیا گلوبل ویلج ہے ،پاکستان کے نوجوان پوری دنیا میں انسانیت دوست لوگوں کو دوست بنائیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں منشیات کا دھندا تعلیمی اداروں میں سرایت کرچکا ، پہلے تعلیم بِک رہی تھی اب کھیلنے کے مواقع بھی پیسوں کے عوض دستیاب ہیں، مسلط اشرافیہ نوجوانوں کو مایوس کررہی ہے ، اس صورتحال میں جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن نے زی کنیکٹ پروگرام کا تاریخی اقدام اٹھایا ہے ، نوجوانوں کی اخلاقی تربیت کریں گے اورانہیں کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے ، نوجوان مایوس نہ ہوں بلکہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے اس اشرافیہ کیخلاف جدوجہد کریں ۔