علماکرام پر حملے سکیورٹی اداروں کی ناکامی : فضل الرحمن
حملے پرامن بیانیے کو دبانے کی کوشش ،جے یو آئی نے ہمیشہ امن کوشعاربنایا قومی سلامتی کے ادارے آئینی اور اخلاقی ذمہ داریوں کا ادراک کریں:بیان
لاہور (سیاسی نمائندہ)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ علماء کرام پر ہونے والے حملے نا صرف سکیورٹی اداروں کی ناکامی اور غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہیں بلکہ یہ اس پرامن بیانیے کو دبانے کی مذموم کوششیں بھی ہیں جس کو جمعیت علماء اسلام برسوں سے قبائلی علاقوں سمیت پورے ملک میں فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ایسے علماء کا واحد جرم یہ ہے کہ وہ بندوق کی بجائے دلیل، نفرت کے بجائے محبت اور انتشار کے بجائے امن کے داعی ہیں ،جے یو آئی نے ہمیشہ جبر و تشدد کی مخالفت کی، آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی اور ریاست کے اندر رہتے ہوئے اصلاح اور امن کی جدوجہد کو اپنا شعار بنایا ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے جنوبی وزیرستان میں بم دھماکے میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا سلطان محمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ محض ایک فرد پر حملہ نہیں بلکہ اعتدال پسند، پرامن اور جمہوری فکر پر حملہ ہے ۔ان کاکہنا تھاکہ قومی سلامتی کے ذمہ دار ادارے اپنی آئینی اور اخلاقی ذمہ داریوں کا ادراک کریں، ملک بھر میں خصوصاً قبائلی اضلاع میں امن کے قیام اور علماء کرام کے مؤثر تحفظ کو یقینی بنائیں اور ان اندوہناک واقعات میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچا کر انصاف کے تقاضے پورے کریں۔